اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):مسلم لیگ (ن )کے رہنما سینیٹر طلال چوہدری نے کہا ہے کہ کرپشن کو اسلامی ٹچ دینا پی ٹی آئی کا طریقہ واردات ہے۔ پیر ک یہاں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ توشہ خانہ لوٹ کر کھا گئے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی والے مقدمات کا سامنا کرنے کی بجائے ڈیل کا تاثر دیتے ہیں۔انہوں نے سابق وزیراعظم محمد نواز شریف اور ان کے خاندان کی سیاسی قربانیوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ محمد نواز شریف اور ان کے خاندان نے سیاسی انتقام کا بہادری سے مقابلہ کیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف فیصلہ سننے برطانیہ سے پاکستان آ گئے تھے، لیکن ایک شخص اس قابل نہیں کہ چند قدم چل کر آئے، عدالت میں پیش ہو کر اپنے مقدمات کا سامنا کرے۔