کراچی۔(نمائندہ خصوصی):انٹر بورڈز کوآرڈینیشن کمیشن (آئی بی سی سی) اور آغا خان یونیورسٹی ایگزامینیشن بورڈ ( اے کے یو ای بی) نے پاکستان کے تعلیمی نظام میں ایک اہم پیش رفت کے طور پر مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں، یہ معاہدہ ملک بھر میں امتحانات اور تشخیص کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے تعاون کا ایک جامع فریم ورک قائم کرنے کے لیے کیا گیا ہے جس کا مقصد جدید تشخیصی طریقوں کو متعارف کرانا اور قومی و بین الاقوامی معیار کے مطابق امتحانات کے معیار کو بلند کرنا ہے۔یہ معاہدہ ایک تقریب کے دوران طے پایا جس کی صدارت آئی بی سی سی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر غلام علی ملاح اور اے کے یو ای بی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر نوید یوسف نے کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر نوید یوسف نے آئی بی سی سی کے وفد کو خوش آمدید کہا اور اس تعاون کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہاکہ آغا خان یونیورسٹی ایگزامینیشن بورڈ پاکستان اور ترقی پذیر دنیا کے لیے تعلیم اور امتحانات میں بہترین معیار قائم کرنے کے لیے بنایا گیا ہے، یہ بورڈ قومی نصاب پر عمل پیرا ہے اور یہ یقینی بناتا ہے کہ ہمارے تعلیمی اور تشخیصی معیار عالمی اصولوں کے مطابق ہوں، معیار اور رسائی ہماری کاوشوں کا مرکز ہیں اور ہم حکومت کے ساتھ مل کر بہترین تشخیصی طریقوں کو قومی تعلیمی نظام میں شامل کرنے کے لیے پرجوش ہیں۔ڈاکٹر غلام علی ملاح نے تعلیمی اصلاحات کو فروغ دینے میں اے کے یو ای بی کے اہم کردار کو اجاگر کیا انہوں نے کہاکہ پاکستان کے تعلیمی منظرنامے میں رٹا لگانے کا مسئلہ طویل عرصے سے موجود ہے۔ اگرچہ حکومت نے بہترین تعلیمی اصولوں کے فروغ کے لیے پالیسیاں مرتب کی ہیں تاہم ان پر عمل درآمد اور مہارت کے فقدان کا مسئلہ برقرار ہے۔ آغا خان یونیورسٹی ایگزامینیشن بورڈ اپنی جامع تشخیصی حکمت عملی اور منسلک اساتذہ کی تربیت کے عزم کے ساتھ اس خلا کو پُر کرنے کے لیے ایک مثالی ماڈل پیش کرتا ہے۔ ان کا جدید فریم ورک پہلے ہی عالمی معیار پر پورا اتر رہا ہے، حکومت تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے، اساتذہ کو تربیت دینے اور ملک بھر میں فکری تعلیم کے فروغ کے لیے پُرعزم ہے۔اس معاہدے کے تحت ایک اہم اقدام ملک گیر استعداد سازی پروگرام ہے، جس میں ایک روزہ آگاہی سیمینارز اور تین روزہ خصوصی تربیتی سیشنز شامل ہیں، ان سیشنز میں پاکستان بھر کے اساتذہ، امتحان بنانے والے ماہرین اور پرچہ ترتیب دینے والوں کو جدید تشخیصی طریقوں کو اپنانے اور فکری تعلیم کو فروغ دینے کے لیے درکار مہارتیں فراہم کی جائیں گی، جو ماڈل اسیسمنٹ فریم ورک کے مطابق ہوں گی۔آئی بی سی سی اور اے کے یو ای بی کے درمیان یہ اسٹریٹجک شراکت داری پاکستان کے تعلیمی نظام کو مضبوط کرنے میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے، یہ دونوں ادارے تعلیمی فضیلت اور جدید تشخیصی طریقوں کے لیے نئے معیارات قائم کرکے ملک بھر کے طلباء کی فکری اور تعلیمی ترقی میں نمایاں کردار ادا کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔