اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):امن کی نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی پاکستان کا دورہ مکمل کرنے کے بعد پیر کو واپس روانہ ہو گئیں۔ا پنے دورے کے دوران انہوں نے اسلام آباد میں مسلم کمیونٹیز میں لڑکیوں کی تعلیم سے متعلق بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کی۔ پارلیمانی سیکرٹری فرح ناز اور ڈائریکٹر ہوم پبلسٹی، پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ نرگس شازیہ چوہدری نے ملالہ یوسفزئی کو اسلام آباد کے بین الاقوامی ہوائی اڈے سے رخصت کیا۔ملالہ یوسفزئی نے مہمان خصوصی کے طور پر کانفرنس کے اختتامی سیشن سے خطاب کیا اور خواتین کی خواندگی اور انہیں بااختیار بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے دنیا بھر میں لاکھوں لڑکیوں کو درپیش خطرناک بحران پر روشنی ڈالی جن میں سے 120 ملین لڑکیاں اس وقت مختلف سماجی، اقتصادی اور سیاسی عوامل کی وجہ سے اسکولز سے باہر ہیں۔ملالہ یوسفزئی جو پاکستان میں تعلیم کے فروغ کے لیے سرگرم رہیں ، نے اپنے سفر کا ذکر کرتے ہوئے اس امر کا اظہار کیا کہ مادر وطن ہمیشہ ان کے دل میں ایک خاص مقام کا حامل رہے گا ۔