کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی پریس کلب کے نو منتخب نائب صدر ارشاد کھوکھرنے کہا ہے کہ کراچی پریس کلب مسئلہ فلسطین اور کشمیر کو قومی کاز سمجھتا ہے او ر صحافی برادری ہمیشہ فلسطین کا زکی حمایت جاری رکھے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے کراچی پریس کلب میں فلسطین فائونڈیشن پاکستان کے وفد کے ساتھ ملاقات کے دوران کیا۔ فلسطین فائونڈیشن پاکستان کے وفد نے جماعت اسلامی کے نائب امیر اور فلسطین فائونڈیشن کی سرپرست کمیٹی کے رکن مسلم پرویز کی قیادت میں کراچی پریس کلب کے نو منتخب عہدیداروں اور اراکین کے ساتھ ملاقات کی اور انہیں حالیہ انتخابات میں کامیاب ہونے پر مبارک باد دیتے ہوئے گلدستہ اور مٹھائی پیش کی۔ فلسطین فائونڈیشن پاکستان کے وفد میںسیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم، سابق رکن سندھ اسمبلی محفوظ یار خان ایڈووکیٹ، پاکستان پیپلز پارٹی کے ارشد نقوی ایڈوکیٹ، پاکستا ن مسلم لیگ نواز کے پیر اظہر علی ہمدانی، کشمیری رہنما بشیر سدوزئی،مفتی معاذ نظامی، نسیم شاہ، قاضی زاہدحسین اور آل پاکستان تاجر ایسوسی ایشن کے صدر ثاقب نوشاہی اور دیگر موجود تھے جبکہ کراچی پریس کلب کے گورننگ باڈی کے ممبز کفیل احمد، مونا صدیقی اور دیگر بھی موجود تھے۔فلسطین فائونڈیشن پاکستان کے وفد کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے ارشاد کھوکھر نے کہ مظلوم فلسطینیو کے لئے آوازاٹھانا ہماری ذمہ داری ہے ، انہوں نے کہاکہ غزہ میں جاری جارحیت پر عالم اسلام کے حکمرانوں کی مجرمانہ خاموشی کی مذمت کرتے ہیں۔اس موقع پر جوائنٹ سیکرٹری محمدمنصف نے کہا کہ فلسطین وکشمیر کاز کے لئے مشترکہ اور موثر آواز اٹھاتے رہیں گے۔ کراچی پریس کلب کے اراکین نے فلسطین فائونڈیشن پاکستان کے قیام اور مسلسل جدوجہد کو سراہتے ہوئے خراج تحسین پیش کیا۔اس موقع پر فلسطین فائونڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم نے کراچی پریس کلب کے اراکین کو مبارک باد پیش کی اور تعاون پر شکریہ ادا کیا۔