اسلام آباد/ہانگ کانگ۔(نمائندہ خصوصی):وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے ہانگ کانگ میں ایشین فنانشل فورم کے موقع پر سروس لانگ مارچ کی قیادت بشمول چینی چیئرمین جن یونگ شینگ اور سی ای او عمر سعید سے اہم ملاقات کی ہے۔ وزیر خزانہ نے پاکستانی کاروباری اداروں کو عالمی سرمایہ مارکیٹ میں مواقع تلاش کرنے کے لیے سازگار پالیسی فریم ورک کی اہمیت اور سروس لانگ مارچ کی جانب سے ہانگ کانگ اسٹاک ایکسچینج پر لسٹنگ کی نیت کو سراہتے ہوئے یقین دلایا کہ حکومت پاکستان اس عمل کے لیے ضروری پالیسی سپورٹ فراہم کرے گی، نہ صرف اس فہرست سازی کے لیے بلکہ دیگر
کمپنیوں کے لیے بھی ہے جو بین الاقوامی ایکویٹی کیپٹل ریزنگ کی جانب پیش قدمی کرنا چاہتی ہیں۔وزارت خزانہ کی جانب سے اتوار کو یہاں جاری اعلامیہ کے مطابق ملاقات کے دوران چیئرمین جن یونگ شینگ اور سی ای او عمر سعید نے سروس لانگ مارچ کی ترقی کی رفتار اور عالمی کیپٹل مارکیٹس تک رسائی کے لیے بین الاقوامی پلیٹ فارم پر لسٹنگ کے ممکنہ فوائد پر روشنی ڈالی۔گفتگو کے دوران تعاون کے وسیع تر اثرات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جس میں پاکستان کی بین الاقوامی مالیاتی منڈیوں میں موجودگی کو بڑھانے اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔ملاقات باہمی افہام و تفہیم کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی جس میں بین الاقوامی فہرست سازی اور سرمایہ جمع کرنے کے پیچیدہ معاملات کو حل کرنے کے لیے مستقل مکالمے اور تعاون کی ضرورت پر زور دیا گیا۔واضح رہے کہ وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب اور سروس لانگ مارچ کی قیادت کے درمیان یہ ملاقات پاکستان کے کیپٹل مارکیٹ کی ترقی کو فروغ دینے اور عالمی مالیاتی منظرنامے میں ملک کی پوزیشن کو مضبوط بنانے کی مشترکہ کوششوں کی عکاسی کرتی ہے۔