اسلام آباد: اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے کشمیری عوام کی آزادی اور حق خود ارادیت کی جائز جدوجہد کی اپنی مستقل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق او آئی سی کے سیکرٹری جنرل حسین ابراہیم طحہ نے وزیر اعظم شہباز شریف کے ساتھ اسلام آباد میں ملاقات کے دوران جموں وکشمیر کے بارے میں او آئی سی کے اصولی موقف کا اعادہ کیا۔ انہوں نے وزیر اعظم کو کشمیریوں کی حالت زار کو اجاگر کرنے اور تنازعہ کے منصفانہ حل کی وکالت کے لیے او آئی سی کی جاری سفارتی کوششوں سے بھی آگاہ کیا۔وزیر اعظم شہباز شریف نے کشمیر کاز کی غیر متزلزل اور اصولی حمایت پر او آئی سی کا شکریہ ادا کیا۔او آئی سی کے سیکرٹری جنرل سے بات چیت میں وزیراعظم شہباز شریف نے فلسطینیوں کے خلاف اسرائیل کی نسل کشی کی مہم کی بھی شدید مذمت کی۔ انہوں نے غزہ میں فوری اور غیر مشروط جنگ بندی، محصور آبادی تک بلا روک ٹوک انسانی رسائی اور جنگی جرائم پر اسرائیل کے عالمی احتساب کا مطالبہ کیا۔حسین برہم طحہ نے اس موقع پر اس بات پر زور دیا کہ مسئلہ فلسطین کا دو ریاستی حل کی بنیاد پر حل خطے میں دیرپا امن و استحکام کے لیے ضروری ہے۔دونوں رہنماو¿ں نے اسلامو فوبیا میں خطرناک حد تک اضافے سمیت باہمی تشویش کے علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے او آئی سی کی مشترکہ ترجیحات اور مقاصد کو آگے بڑھانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور تنظیم کو مسلم دنیا کے لیے زیادہ موثر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔