اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نےکہا ہےکہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے انہیں بنی گالہ منتقل کرنے کی مبینہ پیشکش کا دعویٰ بے بنیاد ہے۔ہفتہ کونجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی بانی کی رہائی سے متعلق معاملات مکمل طور پر عدالتوں کے دائرہ اختیار میں ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ‘پی ٹی آئی کے بانی کی بنی گالہ منتقلی کی خواہش بے بنیاد ہے، ان دعوؤں میں کوئی صداقت نہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ملک کی معاشی صورتحال بہتر ہو رہی ہے اور ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری معیشت بتدریج مستحکم ہو رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک کے اندر امن اور سلامتی کا حصول خود انحصاری کی راہ ہموار کرے گا۔وزیر دفاع نے سیاسی اور اقتصادی استحکام کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ملک کی ترقی کے لیے ان شعبوں پر مسلسل توجہ ضروری ہے۔