کراچی میں ایک ہفتے کے دوران ملیر ضلع سے دوسری لڑکی کے لاپتہ ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
ملیر سے لاپتہ ہونے والی لڑکی کی والدہ کا کہنا ہے کہ 20 اپریل کو سعود آباد سے ان کی 14 سالہ بیٹی نمرہ کاظمی لاپتہ ہوئی، نمرہ سعود آباد ایس ون ایریا سے لاپتا ہوئی۔لڑکی کی والدہ کا بتانا ہے کہ صبح 9 بجے کام سے گئی واپس آئی تو نمرہ غائب تھی، کافی تلاش کے باوجود تاحال بیٹی کا کچھ پتہ نہیں چل سکا۔
نمرہ کی والدہ کا کہنا ہے کہ ان کی بیٹی دسویں جماعت کی طالبہ ہے اور اس کے امتحان ہونے والے تھے، وزیراعلیٰ، آئی جی سندھ اور دیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ ہے کہ میری بیٹی کو بازیاب کرائیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ بچی کے لاپتہ ہونے کا مقدمہ سعودآباد تھانے میں درج کر لیا گیا ہے اور مقدمہ درج کرکے لڑکی کی تلاش شروع کر دی ہے۔
یاد رہے کہ چند روز قبل کراچی کے علاقے ملیر گولڈن ٹاؤن سے دعا زہرہ نامی لڑکی بھی لاپتہ ہوئی تھی جس کا تاحال کچھ پتہ نہیں چل سکا ہےاس حوالے سے کراچی پولیس چیف غلام نبی میمن نے میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس ہر زاویے سے دعا زہرہ کے کیس کو دیکھ رہی ہے اور تمام جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے بچی کو ڈھونڈنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔