اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):پاک چین دو طرفہ سیاسی مشاورت (بی پی سی) کا چوتھا دور 10جنوری کو بیجنگ میں منعقد ہوا۔ سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ نے پاکستانی وفد کی قیادت کی جبکہ چینی وفد کی قیادت نائب وزیر خارجہ سن ویڈونگ نے کی۔ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے ہفتہ کو جاری پریس ریلیز کے مطابق اس موقع پر فریقین نے پاک چین تعلقات کے مثبت رجحانات پر اطمینان کا اظہار کیا اور دونوں ممالک کی قیادت کے درمیان طے پانے والے اتفاق رائے کے مطابق اپنی آل ویدر اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کو مزید گہرا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔فریقین نے متعدد علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا اور اعلیٰ سطح کے تبادلوں اور مکالمے کے طریقہ کار سمیت باہمی رابطوں اور مشاورت کو مزید بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔سیکرٹری خارجہ نے پاک چین تعلقات کو خصوصی اور منفرد قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام دونوں ممالک کے درمیان پائیدار دوستی کو دل کی گہرائیوں سے پسند کرتے ہیں۔اجلاس میں دونوں ممالک کے درمیان عملی تعاون کے تمام شعبوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ جس میں سی پیک 2.0 کے اعلیٰ معیار کی ترقی کو آگے بڑھانے والے منصوبوں پر خصوصی توجہ دی گئی۔ فریقین نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سمیت کثیرالجہتی فورمز سمیت انفارمیشن ٹیکنالوجی، زراعت اور شفاف توانائی جیسے شعبوں میں باہمی شراکت کو مزید گہرا کرنے پر اتفاق کیا جو جیت کے تعاون اور عوام کی فلاح و بہبود اور جامع ترقی کے حصول کے تصور پر کارفرما ہے۔بعد ازاں سیکرٹری خارجہ نے ایگزیکٹو نائب وزیر خارجہ ما ژاؤسو سے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے پاک چین تعلقات کے ساتھ ساتھ مشترکہ دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا۔