کراچی (نمائندہ خصوصی): پاک بحریہ کملاگ کمانڈ کی سالانہ ایفیشنسی ایوارڈ2024 کی تقریب پاکستان نیوی ڈاکیارڈ کراچی میں منعقد ہوئی۔ وائس چیف آف دی نیول اسٹاف وائس ایڈمرل اویس احمد بلگرامی نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس تقریب کا انعقاد ہر سال کملاگ کمانڈ کے مقاصد کے حصول میں ملازمین اور یونٹس کی کوششوں کو سراہنے کے لیے کیا جاتا ہے۔وائس چیف آف دی نیول اسٹاف نے اپنے خطاب میں اس بات پر زور دیا کہ انتھک محنت، مضبوط عزم اور غیر متزلزل جذبہ پاکستان نیوی ڈاکیارڈ کا طرہ امتیاز ہے۔ انہوں نے انعامات حاصل کرنے والوں کو مبارکباد دی اور اِسی طرح محنت اور لگن سے کام جاری رکھنے کی ہدایت کی۔ قبل ازیں، اپنے خطبہ استقبالیہ میں کمانڈر لاجسٹکس، ریئر ایڈمرل محمد سہیل ارشد نے سال 2024 کے دوران کملاگ کمانڈ کی آپریشنل کامیابیوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ کملاگ کمانڈ نے چیلنجز کے باوجود کامیابی سے اپنے تمام اہداف حاصل کیے۔ مزید برآں، کمانڈر لاجسٹکس نے کہا کہ پیشہ ورانہ مہارت کملاگ کمانڈ کی پہچان رہی ہے اور ہمیشہ رہے گی۔تقریب کے دوران مہمان خصوصی نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افراد اور یونٹس کو ایوارڈز سے نوازا۔ تقریب میں کملاگ کمانڈ کے سینئر حاضر سروس اور ریٹائرڈ ٹیکنیکل برانچ آفیسرز، سی پی اوز/ سیلرز اور نیوی سویلینز کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔