اسلام آباد(نمائندہ خصوصی):ایوان صدر نے سوشل میڈیا پر زیر گردش ڈاکٹر سہیل انجم نامی جعلساز کی ایوان صدر میں گریڈ 21 کی پوسٹ پر تعیناتی کے نوٹیفکیشن کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایوان صدر میں گریڈ 21 میں پرسنل سیکرٹری کا کوئی عہدہ موجود نہیں ہے۔ ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق ایوان صدر میں ڈاکٹر سہیل انجم کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جعلی ہے، اسٹبلیشمنٹ ڈویژن نے ایوان صدر میں ڈاکٹر سہیل انجم نامی کسی شخص کی تعیناتی نہیں کی۔ایوان صدر کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر سہیل انجم نے ایوان صدر کے سیکرٹری جنرل کے پرسنل سیکرٹری کے کارڈز بھی چھپوا رکھے ہیں۔ ایوان صدر کا کہنا ہے کہ ایوان صدر میں سیکرٹری جنرل اور اس کے پرسنل سیکرٹری کا کوئی عہدہ موجود نہیں،ایوان صدر میں افسران کی تعیناتی شفافیت اور دیانتداری کی بنیاد پر کی جاتی ہے ۔ایوان صدر کا کہنا ہے کہ جعلی نوٹیفکیشن کی تحقیقات کیلئے معاملہ ایف آئی اے کو بھجوا دیا گیا ہے۔