کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کے بین الاقوامی شہرت یافتہ ڈیزائنر محمود بھٹی نے کہا کہ فیشن انڈسٹری کی حکومتی سطح پر سرپرستی کی جائے تو یہ انڈسٹری ملک کو مالی بحران سے نکال سکتی ہے وہ کراچی پریس کلب آمد کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے،اس موقع پر کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی سیکرٹری سہیل افضل اور فلم ٹی وی جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے چیئرمین اطہر جاوید صوفی نے معزز مہمان کو خوش آمدید کہا ،محمود بھٹی نے مزید کہا کہ پاکستان میں کاپی رائٹ ایکٹ پر عمل درآمد نہ ہونے سے فیشن انڈسٹری سمیت دیگر انڈسٹریز کو بہت نقصان ہورہا ہے ہمارے ملک میں فیشن کے حوالے سے بہت ٹیلنٹ موجود ہے لیکن کوئی گائیڈ لائن نہ ہونے کی وجہ سے وہ انٹر نیشنل مارکیٹ میں اپنا مقام نہیں بنا پارہے ہیں پاکستانی فیشن ڈیزائنر کی حیثیت سے دنیا بھر میں اپنی شناخت پر فخر محسوس کرتا ہوں ایک سوال کے جواب میں محمود بھٹی نے کہا کہ پاکستان سے غربت کا خاتمہ میرا دیرینہ خواب ہے ،ملک سے غربت ختم کرنے کے لیے اپنے حصّے کا کردار ادا کر رہا ہوں لاہور میں اسپتال اور قبرستان بنانے کے لیے جگہ لی تھی جس پر قبضہ گروپ نے نظریں جما لیں جس کی وجہ سے بہت پریشانی کا سامنا کرنا پڑا افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ پاکستان میں لوگوں کو انصاف مئیسر نہیں ہے لوگ سالوں عدالتوں کے چکر لگاتے رہتے ہیں ،اگر اسلامی تعلیمات کے مطابق انصاف کی فوری فراہمی ہو تو ملک کے 80فیصد مسائل کا خاتمہ ہو سکتا ہے محمود بھٹی نے کہا کہ میں کراچی کی مختلف یونیورسٹیوں میں فیشن کے حوالے سے لیکچر دینے آیا تھا میں نے نوجوانوں کو جو ہمارا مستقبل ہیں یہ بتایا کہ وہ کس طرح اپنے علم اور فن کے زریعے ملک وقوم کی خدمت کر سکتے ہیں ،اس موقع پر کراچی پریس کلب اور پاکستان فلم ٹی وی جرنلسٹس ایسوسی ایشن کی جانب سے محمود بھٹی کو یادگاری شیلڈز بھی پیش کی گئی جس پر شکریہ ادا کرتے ہوئے محمود بھٹی نے کہا کہ مجھے محمود بھٹی بنانے میں میڈیا کا سب سے بڑا کردار ہے جس میں تا عمر آپ لوگوں کا احسان مند رہوں گا،پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی نے کہا کہ محمود بھٹی پاکستان کی وہ شخصیت ہیں جن پر پورے ملک کو فخر ہے،انھوں نے دنیا بھر میں پاکستان کو شناخت دی ہے ،پریس کلب کے سیکرٹری سہیل افضل نے کہا کہ محمود بھٹی کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا ہے ،خاص طور پر انھوں نے ملک سے باہر رہتے ہوئے حب الوطنی کے جذبے کو جس طرح ذندہ رکھا ہے وہ قابل تعریف اور قابل ذکر ہے پریس کلب کی جانب سے ہم محمود بھٹی کا شکریہ ادا کرتے ہیں