پشاور ( رپورٹ: بی بی سی اردو ڈاٹ کام)خیبر پختونخوا کے جنوبی ضلع لکی مروت میں مسلح افراد نے پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے 16 ملازمین اور ایک ڈرائیور کو اغوا کر لیا ہے۔مقامی پولیس کے مطابق یہ واقعہ جمعرات کی صبح قبول خیل میں پیش آیا۔ جس علاقے میں ان افراد کو اغوا کیا گیا ہے وہاں یورینیم کی کان کنی ہوتی ہے اور یہ منصوبہ اٹامک انرجی کمیشن کے تحت کام کرتا ہے۔پولیس اہلکاروں نے بتایا ہے کہ تمام ملازمین ایک ویگن میں جا رہے تھے کہ پائندہ خان کے مقام پر مسلح افراد ان کی گاڑی روک کر ملازمین کو اپنے ساتھ لے گئے جبکہ ان کی گاڑی کو آگ لگا دی۔مقامی افراد نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ ملازمین کو لکی مروت سے میانوالی جانے والے راستے سے اغوا کیا گیا۔ یہ علاقہ صوبہ پنجاب کے علاقے عیسی خیل کی سرحد کے قریب واقع ہے۔پولیس اہلکاروں نے بتایا کہ اب تک یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ اغوا کار ان ملازمین کو کس طرف لے گئے ہیں تاہم سکیورٹی فورسز اور پولیس اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور ان کی بازیابی کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے جس میں مقامی امن کمیٹی کے لوگ بھی معاونت کر رہے ہیں۔تاحال کسی تنظیم نے ان افراد کے اغوا کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے اور نہ ہی اغوا کاروں کے مطالبات سامنے آئے ہیں۔ خیال رہے کہ گذشتہ ہفتے کالعدم شدت پسند تنظیم تحریک طالبان پاکستان کی جانب سے ایک بیان میں پاکستانی فوج کے اقتصادی منصوبوں کو نشانہ بنانے کی دھمکی دی گئی تھی۔