راولپنڈی ۔(نمائندہ خصوصی)برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے وزیر دفاع، دفاعی پیداوار اور ہوابازی خواجہ محمد آصف سے ملاقات کی جس میں دونوں رہنماؤں نے پاک برطانیہ تعلقات اور باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزارت دفاع سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیر دفاع نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان برطانیہ کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی
اہمیت دیتا ہے، کیونکہ یہ تعلقات عالمی امن اور سلامتی کے مشترکہ مقاصد سے منسلک ہیں۔انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کی بڑی تعداد دونوں ممالک کے درمیان ایک مضبوط پل کا کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان قائم فورمز کے ذریعے مسلسل دفاعی تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے دفاعی شعبے میں ٹھوس پیش رفت ہوگی۔برطانوی ہائی کمشنر اور وزیر دفاع نے پاک برطانیہ تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا اور تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔