ننکانہ صاحب(نمائندہ خصوصی):ممبر قومی اسمبلی/ وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے امور خارجہ ڈاکٹر شذرہ منصب علی خان کھرل نے کہا ہے کہ وزیر اعظم میاں شہباز شریف کے عوام دوست ویژن پر مشتمل ترقیاتی پروگرام کے تحت عوام کی فلاح وبہبود کے لیے انقلابی اقدامات کیے جا رہے ہیں،ضلع بھر میں رابطہ سڑکات، سیوریج سمیت بے شمار ترقیاتی سکیموں پر تیزی سے کام ہورہاہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈپٹی کمشنر آفس کے کمیٹی روم میں ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کے منعقدہ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راؤ، سابقہ ممبر قومی اسمبلی چوہدری برجیس طاہر ، ممبر صوبائی اسمبلی مہر کاشف رنگ الہی پڈھیار آغا علی حیدر خان، سابق ممبر صوبائی اسمبلی چوہدری طارق محمود باجوہ ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو شہرینہ غلام مرتضیٰ جونیجو ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل رائے ذوالفقار علی تینوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ حماد یوسف، واپڈا کے افسران سمیت تمام محکمہ جات کے سینئر افسران نے شرکت کی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب اور ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ نے ضلع بھر میں جاری اور نئی ترقیاتی سکیموں کے حوالے سے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی۔ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر شذرہ منصب علی خان کھرل نے کہا کہ تمام محکمہ جات سرکاری فنڈز کو عوام کی فلاح و بہبود کے لیے استعمال کریں۔انہوں نے کہا کہ متعلقہ محکمہ جات فضائی آلودگی اور گندگی پھیلانے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیں اور وزیر اعلی ٰپنجاب کے ستھرا پنجاب پروگرام کو کامیاب بنائیں ، سی ایم انیشیٹوز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور شفافیت اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ممبر قومی اسمبلی نے واپڈا حکام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع بھر میں ٹرانسفارمر خراب ہونے کی فی الفور نئے ٹرانسفارمر کی تنصیب یقینی بنائی کسی دیہات میں لائٹ نہ ہونے کی شکایت موصول نہ ہو۔انہوں نے واپڈا افسران کو خصوصی ہدایت کی کہ ضلع میں کسی بھی صارف کا ایک ماہ کے پینڈنگ بل پر میٹر نا اتارا جائےخلاف ورزی کرنے والے افسران و اہلکاران کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ تمام ایس ڈی او صاحبان ممبران اسمبلی کے قریبی رابطہ میں رہیں۔ڈاکٹر شذرہ منصب علی خان نے کہا کہ ضلع بھر میں لٹکتی تاروں کو ہٹانے کے لیے اقدامات کیے جائیں اور کسی بھی سرکاری اراضی پر بجلی کا کنکشن نہ لگایا جائے۔ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راؤنے اجلاس کو بریفنگ میں بتایا کہ تمام سرکاری اداروں کو سولر انرجی پر منتقل کرنے کے لیے اقدامات جاری ہیں جبکہ سکولوں کی سولرائزیشن کی جا رہی ہے ،متعدد سکولوں کو سولر انرجی پر منتقل کر دیا گیا ہے۔بجلی کے بلوں کی مد میں جانے والی رقم سکولوں کی تزئین و آرائشادویات و دیگر کاموں پر خرچ کی جائے گی۔انہوں نے اجلاس کو بتایا کہ ضلع کے 21 ہسپتالوں کی ری ویمپنگ تیزی سے جاری ہے جبکہ سڑکوں کی بحالی کا عمل جلد مکمل کر لیا جائے گا۔