لاہور( نمائندہ خصوصی) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ لاہور میں صوبائی ایپکس کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں صوبے کی مجموعی سیکورٹی صورتحال اور موجودہ چیلنجز سے نمٹنے اور کثیر الجہتی خطرات کو کم کرنے کے لئے کیے گئے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جن میں مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز (IBOs) شامل ہیں۔ اجلاس نے ملک میں امن کے قیام کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سیکیورٹی فورسز کی بے لوث قربانیوں اور مسلسل کوششوں کو خراج تحسین پیش کیا۔اجلاس کو آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لیے مرتب کردہ جامع سیکورٹی پلان پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں خصوصاً تین سرحدی علاقوں کی سیکورٹی کو بہتر بنانے پر زور دیا گیا تاکہ جرائم، غیر قانونی سرگرمیوں اور دہشت گردی کے گٹھ جوڑ کو توڑا جا سکے اور غیر ملکیوں، خاص طور پر سی پیک اور غیر سی پیک منصوبوں پر کام کرنے والے چینی شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔اجلاس میں مدارس کی رجسٹریشن، لاؤڈ اسپیکرز کے استعمال کو ضابطے میں لانے اور غیر قانونی غیر ملکیوں کو صوبے سے نکالنے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا، جو صوبے میں امن کے لئے خطرہ ہیں۔ اجلاس کو پنجاب پولیس، سی ٹی ڈی کی بڑے پیمانے پر استعداد کار میں اضافے اور پنجاب سیف سٹی منصوبے کو تمام اضلاع تک وسعت دینے کے اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔اجلاس نے عوام کے تحفظ اور فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لئے مربوط کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔