اسلام آباد( نمائندہ خصوصی)پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان نے عرب ممالک کے خلاف سوشل میڈیا پروپیگنڈے کی مذمت کرتے ہوئے تمام اکاؤنٹس سے لاتعلقی کا اعلان کردیا۔تفصیلات کے مطابق بانی پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چوہدری نے کہا کہ جیل میں عمران خان سے ملاقات ہوئی جنہوں نے سوشل میڈیا پر عرب ممالک کے حوالے سے پروپیگنڈے کی مذمت کی۔عمران خان نے عرب ممالک، بشریٰ بی بی اور شہدا کے حوالے سے پروپیگنڈا کرنے والے سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے لاتعلقی کا اظہار کیا اور واضح کیا کہ ان میں سے کسی بھی اکاؤنٹ کا تعلق پی ٹی آئی سے نہیں او نہ ہی یہ کوئی کارکن ہیں۔اس کے علاوہ فیصل چوہدری نے کہا کہ مذاکراتی کمیٹی کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہ کرانا مذاکرات سبوتاژ کرنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بانی نے مسنگ پرسن کی تحقیقات کیلئے قاضی انور کی سربراہی میں کمیٹی بنا دی ہے جو اتوار تک اپنی رپورٹ مکمل کرے گی۔فیصل چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ آج عدالت میں بانی پی ٹی کی جیل میں سہولیات سے متعلق درخواست دی ہے، عدالت نے بانی پی ٹی آئی کو بچوں سے کال، ڈاکٹر کی رسائی اور کتابوں کی فراہمی سے متعلق ہماری درخواست منظور کی ہے۔انہوں نے بتایا کہ عمران خان نے پارٹی کو مسنگ پرسن معاملہ پر کام کرنے کی ہدایت کی اور کہا ہے کہ میرے مقدمات مذاکرات کا ایجنڈا نہیں ہیں، پاکستان کے مسائل پر مذاکرات کی حامی بھری ہے۔عمران خان نے کہا کہ حکومت کی مذاکراتی ٹیم کی سنجیدگی پر مذاکرات کی حامی بھری۔