اسلام آباد ( نیٹ نیوز)نیب ایگزیکٹو بور ڈ نے متعدد انکوائریوں کی منظوری دیتے ہوئے کہا ہے کہ انکوائریاں اور انوسٹی گیشنز آئین اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے مکمل کی جائیں۔تفصیلات کے مطابق بدھ کو قومی احتساب بیورو (نیب )کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس قائم مقام چیئرمین نیب ظاہرشاہ کی زیرصدارت نیب ہیڈکوارٹرزمیں منعقد ہوا۔اجلاس میں سید اصغر حیدر،پراسیکوٹر جنرل اکاونٹیبلٹی،مرزا محمد عرفان بیگ،ڈی جی آپریشنز نیب اور نیب کے دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔اجلاس کے بعد نیب کی جانب سے جاری اعلامئے میں کہا گیا ہے کہ نیب کے ایگزیکٹو بور ڈ کے اجلاس میں متعدد انکوائریز کی منظوری دی گئی ہے
جن کی تفصیلات نیب کے نئے ترمیم شدہ ایکٹ 2022پر من وعن عمل کرتے ہوئے شیئرنہیں کی جارہیں کیونکہ نیب ہمیشہ آئین اور قانون کے مطابق اپنے فرائض سر انجام دینے پر یقین رکھتا ہے۔ چیئرمین نیب نے ہدایت کی ہے کہ تمام انکوائریاں اور انوسٹی گیشنز آئین و قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے مکمل کی جائیں۔ نیب اعلامئے کے مطابق نیب کی تمام انکوائریز اور انوسٹی گیشنز مبینہ الزامات کی بنیاد پر شروع کی جاتی ہیں جوکہ حتمی نہیں ہوتیں، نیب قانو ن کے مطابق تمام متعلقہ افراد سے بھی ان کا موقف معلوم کر نے کے بعدمزید تحقیقات کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ کرتا ہے تاکہ انصاف کے تمام تقاضوں پرقانون کے مطابق عمل کیا جا سکے۔