راولپنڈی(نمائندہ خصوصی):سکیورٹی فورسزکے تین الگ الگ آپریشنز کے دوران 19 دہشت گرد مارے گئے ،فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 3 جوان شہید ہو گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے 6 اور 7 جنوری 2025 کو خیبرپختونخوا میں تین علیحدہ کارروائیاں کیں۔خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر سکیورٹی فورسز نے پشاور کے علاقے متنی میں انٹیلیجنس بنیاد پر ایک آپریشن کیا۔اس دوران خوارج کے ٹھکانے کو موثر انداز میں نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں 8 خوارج ہلاک کر دیئے گئے۔انٹیلیجنس بنیاد پر ایک اور آپریشن ضلع مہمند کے علاقے بائیزئی میں کیا گیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں سکیورٹی فورسز نے 8 خوارج کو ہلاک کر دیا۔تیسری کارروائی ضلع کرک میں کی گئی جہاں سکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا اور تین خوارج کو ہلاک کر دیا۔فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران تین سپاہی لانس حوالدار عباس علی (38 سال، ضلع غذر)، نائیک محمد نذیر (37 سال، ضلع سکردو) اور نائیک محمد عثمان (37 سال، ضلع اٹک) شہید ہوگئے۔علاقے میں موجود دیگر خوارج کے خاتمے کے لیے آپریشنز جاری ہیں۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔