کیپ ٹاؤن (اسپورٹس ڈیسک ):پاکستان کی کرکٹ ٹیم کے اوپنر صائم ایوب علاج کے لئے کیپ ٹاؤن سے لندن روانہ ہو گئے۔ اسسٹنٹ کوچ اظہر محمود بھی ان کے ہمراہ ہیں ۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی ہدایت پر انگلینڈ کے ماہر سپورٹس آرتھو ڈاکٹرز صائم ایوب کا چیک اپ کریں گے ۔چیئرمین پی سی بی کا کہنا ہے کہ صائم ایوب پاکستان کرکٹ کا قیمتی اثاثہ ہیں۔ ان کے علاج معالجے کے لئے ہر ممکن وسائل فراہم کئے جائیں گے۔ انہوں نے صائم ایوب کی مکمل صحت یابی کے لئے دعا کی اور کہا کہ وہ نوجوان بیٹر کی صحت کے حوالے سے مسلسل ڈاکٹرز کے ساتھ رابطے میں ہیں۔یاد رہے کہ صائم ایوب دائیں ٹخنے میں فریکچر کے سبب 6 ہفتے تک کرکٹ نہیں کھیل سکیں گے ۔وہ جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے پہلے روز فیلڈنگ کرتے ہوئے انجری کا شکار ہو گئے تھے۔