اسلام آباد(نمائندہ خصوصی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے متنی ضلع پشاور، بازئی ضلع مہمند اور ضلع کرک میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کی پذیرائی کرتے ہوئے کہا ہے کہ فتنہ الخوارج کی ملک کے امن و امان کو خراب کرنے کی مذموم کوششوں کو ناکام بنائیں گے۔منگل کو وزیراعظم آفس کے پریس ونگ سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیراعظم نے آپریشن کے دوران 19 خارجیوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کے افسران و جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی۔وزیراعظم نےآپریشن کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں لانس حوالدار عباس علی، نائیک محمد نذیر اور نائیک محمد عثمان کو خراج عقیدت پیش کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ فتنہ الخوارج کی ملک کے امن و امان کو خراب کرنے کی مذموم کوششوں کو ناکام بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مجھ سمیت پوری قوم سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کی جرأت و بہادری کو سلام پیش کرتی ہے، سکیورٹی فورسز کے اہلکار و جوان اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر ارض وطن کو دہشت گردی کے ناسور سے پاک کرنے میں مصروف عمل ہیںوزیراعظم نے کہا کہ ملک کی بقاء کی خاطر سکیورٹی فورسز کے افسران و جوانوں کی لازوال قربانیاں ہیں، مجھ سمیت پوری قوم دہشت گردی کے عفریت کے مکمل خاتمے کے لیے اپنی بہادر سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ وزیر اعظم نے شہداء کی بلندی درجات اور اہل خانہ کیلئے صبر کی دعا کی۔