لاہور( نمائندہ خصوصی): وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب بھر میں سرکاری زمینوں پر قابض مافیا کے خلاف گرینڈ آپریشن کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی ہے کہ کسی بھی دباؤ یا سیاسی اثر و رسوخ کو خاطر میں لائے بغیر تمام سرکاری زمینیں واگزار کرائی جائیں۔ محکمہ جنگلات نے پولیس کے ہمراہ تحصیل خانپور میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے 90 ایکڑ اراضی واگزار کرالی ہے، جبکہ رکھ خانپور جنگل کے 188 ایکڑ رقبے کو بھی واگزار کرانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔کارروائی کے دوران قبضہ مافیا نے محکمہ جنگلات کی ٹیم پر حملہ کیا، نقدی اور موبائل فون چھین لیے اور سرکاری گاڑی جلانے کی کوشش کی۔ مافیا نے ٹریکٹر کی بیٹری بھی نکال لی۔ بااثر ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور ان کی گرفتاری کے لیے پولیس چھاپے مار رہی ہے۔
سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے اس کامیاب کارروائی پر محکمہ جنگلات اور پولیس ٹیم کو شاباش دی۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری زمینوں کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے اور محکمہ جنگلات کی تمام زمینیں واپس لی جائیں گی۔مریم اورنگزیب نے عوام سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ آپریشن کی کامیابی عوامی تعاون سے ممکن ہوگی، اور قانون شکنوں کو ضرور سزا دی جائے گی۔