اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے انسانی سمگلنگ میں ملوث سرکاری اہلکاروں کے خلاف کئے گئے حالیہ اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ انسانی سمگلروں کے سہولت کار سرکاری افسروں کے خلاف تادیبی کارروائیاں خوش آئند ہیں، انسانی سمگلنگ میں ملوث تمام گروہوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے اور انہیں نشان عبرت بنایا جائے ۔پیر کو پی ایم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں انسانی سمگلنگ کے خلاف اقدامات کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ وزیراعظم نے ایف آئی اے کی طرف سے انسانی سمگلنگ میں ملوث سرکاری اہلکاروں کے خلاف کئے گئے حالیہ اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انسانی سمگلروں کے سہولت کار سرکاری افسروں کے خلاف حالیہ تادیبی کارروائیوں کا آغاز خوش آئند ہے۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ سہولت کاروں کے خلاف تادیبی کارروائی کے بعد سخت تعزیری اقدامات بھی کئے جائیں، ملک میں انسانی سمگلنگ کے تمام گروہوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے تاکہ وہ نشان عبرت بنیں۔ وزیراعظم نے حکم دیا کہ انسانی سمگلروں کی جائیدادوں اور اثاثوں کی ضبطگی کے لئے فوری قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے اور اس مکروہ دھندے میں ملوث تمام افراد کے خلاف استغاثہ کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جائے اور وزارت قانون و انصاف سے مشاورت کے بعد اعلیٰ ترین درجے کے وکلا تعینات کئے جائیں، دفتر خارجہ بیرون ملک سے انسانی سمگلنگ کا دھندہ چلانے والے پاکستانیوں کے خلاف کارروائی کےلئے متعلقہ ممالک سے رابطہ کرے اور ان کی پاکستان حوالگی کے حوالے سے جلد از جلد اقدامات اٹھائے۔انہوں نے وزارت اطلاعات و نشریات کو وزارت داخلہ کے تعاون سے عوام میں بیرون ملک نوکریوں کے لئے صرف قانونی راستے اختیار کرنے بارے آگاہی مہم چلانے کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں ایسےٹیکنیکل ٹریننگ اداروں کی ترویج کی جائے جو عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق سرٹیفائیڈ اور پیشہ وارانہ مہارت رکھنے والی افرادی قوت بیرون ملک فراہم کرسکیں ۔انہوں نے ہوائی اڈوں پر بیرون ملک جانے والے افراد کی سکریننگ کا عمل مزید مؤثر بنانے کی بھی ہدایت کی۔ اجلاس میں وزیراعظم کو ملک میں انسانی سمگلنگ کے خلاف کئے گئے اقدامات، سہولت کاروں کے خلاف قانونی کارروائی اور انسانی سمگلنگ کے خاتمے کے لئے قانون سازی کے حوالے سے پیشرفت پر بریفنگ دی گئی ۔ اجلاس میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وفاقی وزیر برائے کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔