لاہور(نمائندہ خصوصی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کو سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے،ایس ایم ایز کی ترقی کے حوالے سے وفاق اور تمام صوبوں کو مل کر کام کریں ۔ان خیالات کا اظہار ا نہوں نےچھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کے فروغ اور اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا) سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے ہفتہ کو جاری بیان کے مطابق انہوں نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں،پاکستانی صنعتوں کو گلوبل سپلائی چین کا حصہ بنانے کے حوالے سے بھرپور اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ ایس ایم ایز کی ترقی کے حوالے سے وفاق اور تمام صوبوں کو مل کر کام کریں ۔اجلاس میں سمیڈا کی کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر سمیڈا کے بورڈ کی تشکیل ہو چکی ہے اور بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس باقاعدگی سے منعقد کیا جا رہا ہے،وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق ملک میں ایس ایم ایز سیکٹر کی ترقی کے لئے بین الاقوامی معیار کے ماہرین کی خدمات حاصل کرنے کے حوالے سے عمل کا آغاز کر دیا گیا ہے،ایس ایم ایز سیکٹر کی اسٹیئرنگ کمیٹی میں گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کے چیف سیکرٹریز کو شامل کر دیا گیا ہے ،اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے بینکوں کو ہدایات دی گئی ہیں کہ ایس ایم ایز کو قرض کی فراہمی کے حوالے سے بینک فارمز کو مزید آسان اور سہل بنایا جائے ، بریفنگ میں بتایا گیا کہ وفاقی وزارت صنعت و پیداوار نے ایس ایم ایز سیکٹر کی ترقی کے حوالے سے صوبائی حکومتوں سے رابطے مزید بہتر بنائےہیں ،ایس ایم ایز سیکٹرز کے حوالےسے سندھ اور بلوچستان کی حکومتوں نے اس حوالے سے جامع لائحہ ء عمل تیار کر لیا ہے جبکہ پنجاب، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کی حکومتیں جامع حکمت عملی پر کام کر رہی ہیں ،وزیراعظم کی ہدایت پر ملک بھر میں موجود ایس ایم ایز کا ڈیٹا اکھٹا کیا جا رہا ہے ۔اجلاس میں وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی ۔