کراچی (نمائندہ خصوصی)2025 کے امتحانات میں کراچی بورڈ ایم سی کیوز کے لیے OMR سسٹم متعارف کروائے گا، اور جوابی کاپیوں کی جانچ ای مارکنگ کے ذریعے کی جائے گی۔ نویں اور میٹرک کے امتحانات میں صرف بیالوجی اور کمپیوٹر سائنس کے پرچے ای مارکنگ سے چیک کیے جائیں گے۔ جوابی کاپیوں کو اسکین کرکے سافٹ کاپی میں تبدیل کیا جائے گا اور پروفیسرز کو چیکنگ کے لیے بھیجا جائے گا۔ لیکن پوری کاپی کے بجائے صرف متعلقہ سوالات پروفیسرز کو جانچ کے لیے فراہم کیے جائیں گے۔طلبہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ جوابی کاپی پر فراہم کردہ لائنوں کے اندر رہ کر جواب لکھیں، حد سے تجاوز کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ اس کے علاوہ، طلبہ کو صاف اور واضح لکھائی یقینی بنانی ہوگی کیونکہ چیکنگ مکمل طور پر ڈیجیٹل ہوگی۔ اچھے جواب اور صاف لکھائی کا معیار نمبر حاصل کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔انٹرمیڈیٹ (گیارہویں اور بارہویں جماعت) کے امتحانات میں بھی BIEK اسی طرح OMR شیٹس اور ای مارکنگ کا نظام اپنائے گا۔ سائنس جنرل گروپ میں ریاضی کے پرچے مکمل طور پر ای مارکنگ کے ذریعے چیک کیے جائیں گے۔ طلبہ کو صاف اور پڑھنے کے قابل لکھائی کا خاص خیال رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ جانچ درست ہو سکے۔اسکین شدہ OMR شیٹس اور جوابی کاپیاں سافٹ کاپی کے طور پر پروفیسرز کو بھیجی جائیں گی، جو چیک کرکے بورڈ کو واپس کریں گے۔ پورے عمل میں شفافیت اور انصاف کو یقینی بنایا جائے گا۔نتائج کے اعلان کے بعد، طلبہ جو اسکروٹنی کے لیے درخواست دینا چاہتے ہیں، انہیں اپنی چیک شدہ جوابی کاپیاں دیکھنے کی اجازت ہوگی۔ بورڈ طلبہ کو موقع دے گا کہ وہ اپنی کاپیاں خود دیکھ سکیں اور نشانات کی تصدیق کریں۔ یہ اقدام اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کیا جا رہا ہے کہ طلبہ چیکنگ کے عمل سے مطمئن ہوں اور اگر کوئی غلطی ہو تو اعتراض اٹھا سکیں۔