اسلام آباد(نمائندہ خصوصی):وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی سے عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ ایمل ولی خان نے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے لوئر کرم کی تحصیل بگن میں سرکاری گاڑیوں پر فائرنگ کے واقعہ کی مذمت کی اور ڈپٹی کمشنر کرم اور دیگر زخمیوں سے ہمدردی و یکجہتی کااظہار کیا۔اس موقع پر وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ ملک دشمن قوتیں فائرنگ کی آڑ میں اصل میں امن معاہدے کو سبوتاژ کرنا چاہتی ہیں،سرکاری گاڑیوں پر حملہ بزدل دشمن کی سوچی سمجھی سازش ہے، مذموم عزائم ناکام رہے۔محسن نقوی نے کہا کہ کے پی کے حکومت سے رابطے میں ہیں،زخمی ڈپٹی کمشنر کرم کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں دی جا رہی ہیں،ڈپٹی کمشنر کرم کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے پشاور منتقل کر دیا گیا ہے،زخمی ڈپٹی کمشنر کرم کی جان سب سے زیادہ عزیز ہے۔انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز اور امن جرگہ کی مخلصانہ کاوشوں کی قدر کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گرینڈ جرگہ کے تمام عمائدین کا تہہ دل سے شکرگزار ہوں،لوگوں کے جان ومال کے تحفظ کیلئے کرم امن معاہدے کے دور رس نتائج سامنے آئیں گے۔انہوں نےکہا کہ پشاور میں ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں پائیدار امن عامہ یقینی بنانے کیلئے اہم فیصلے کئے گئے،ان فیصلوں پر عملدرآمد سے علاقے میں پائیدار امن کی راہ ہموار ہو رہی ہے۔دونوں رہنماؤں نے خوارجی دہشتگردوں کے خلاف سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کو سراہا۔محسن نقوی اور ایمل ولی خان نے دہشتگردی کے خلاف جنگ کےشہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ شہداء کی عظیم قربانیاں ناقابل فراموش ہیں،اپنی قیمتی جانیں قربان کرنے والے بہادر سپوتوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔اس موقع پر عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ ایمل ولی خان نے کہا کہ شہداء نے اپنے قیمتی لہو سے امن کی آبیاری کی ہے،پاکستان کی خاطر جانیں نچھاور کرنے والے قوم کے ہیرو ہیں۔ملاقات میں ملک کی مجموعی صورتحال سمیت خیبرپختونخوا کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں کرم میں امن عامہ یقینی بنانے کیلئے اقدامات پر بھی گفتگوکی گئی۔