اسلام آباد(نمائندہ خصوصی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ حق خودارادیت کسی بھی قوم کا بنیادی حق ہے،کشمیری عوام گزشتہ سات دہائیوں کے زائدعرصے سے اس حق کے حصول کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں۔ہفتہ کو یوم حق خودارادیت کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ یوم حق خودارادیت کشمیری عوام کے اس عزم کی تجدید کا دن ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی جانب سے تسلیم شدہ اپنے ناقابل تنسیخ حق کے حصول تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گےانہوں نے کہا کہ 5 جنوری 1949 کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے کشمیری عوام کو استصوابِ رائے کے ذریعے اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کے حق کی حمایت میں قرارداد منظور کی تھی تاہم سات دہائیوں سے زائد کا عرصہ گزر جانے کے باوجود ان قراردادوں پر عملدرآمد کے لیے کوئی ٹھوس اقدامات نہیں کیے گئے۔ایاز صادق نے مزید کہا کہ 5 اگست 2019 کو بھارتی حکومت نے فاشسٹ ہتھکنڈے اپناتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر کے کشمیری عوام کے حق پر شب خون مارا، جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، بھارتی حکومت کا جبر اور ظلم کشمیری عوام کی حق خودارادیت کی تحریک کو کمزور نہیں کر سکتا۔سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی کی مکمل حمایت کرتا ہے اور اقوامِ عالم پر زور دیتا ہے کہ وہ کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے جائز مطالبے کو تسلیم کریں۔اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا پرامن حل وقت کی اہم ضرورت ہے،انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کے شانہ بشانہ کھڑا ہے اور مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے تمام علاقائی اور عالمی فورمز پر اپنی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔