لاہور( نمائندہ خصوصی) وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا ہے کہ سپیشل افراد کے حقوق کے تحفظ اور خودمختار ی کے لئے دن رات کام کر رہے ہیں۔کوئی بھی بچہ، خواہ وہ کسی بھی معذوری کا شکار ہو، کسی بھی بنیادی حق سے محروم نہیں ہوگا۔ بصارت سے محروم سپیشل ہیروز کے لئے مخصوص ورلڈ بریل ڈے پر خصوصی اپنے پیغام میں وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب میں جدید ترین بریل پریس کام کررہے ہیں۔لاہور اور بہاولپور کے بریل پرنٹنگ پریس کے ذریعے صوبہ بھر میں سرکاری و نجی اداروں کو مفت بکس مہیا کی جا رہی ہیں۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ بریل پریس کی اپ گریڈیشن سے سپیشل افراد کو بین الاقوامی اسٹینڈرڈ کا تعلیمی مواد بکس مہیا کرنا ممکن ہے۔وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ بریل سسٹم بصارت سے محروم افراد کے لئے علم و شعور کی روشنی فراہم کرنے کاموثر ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال پنجاب بھر میں 3 ہزار سے زائد اسپیشل بچوں کو انرول کیا گیا۔ بصارت سے محروم سٹوڈنٹس کو 15 ہزار سے زائد بریل بکس فراہم کی جا چکی ہیں۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ اسپیشل طلبہ کو قرآن پاک بھی بریل میں مہیا کیا جارہا ہے۔ اسپیشل طلبہ کی تعلیمی ضروریات کے پیش نظر معاون آلات فراہم کیے جا رہے ہیں۔ محکمہ اسپیشل ایجوکیشن کو بنیادی اصلاحات کرکے جدید خطوط پر استوار کیا جارہا ہے۔ خصوصی تعلیم کے اداروں کو سہولتوں کی کمی پوری کرکے اپ گریڈ کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سپیشل پرسن کے معاشی مسائل میں کمی لانے کیلئے ہمت کارڈ کے ذریعے مالی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔سماعت سے محروم بچوں کو سماجی و تعلیمی سرگرمیوں میں بھرپور شرکت کے لیے معاون آلات فراہم کیے گئے ہیں۔ خصوصی افراد کو تعلیمی ضروریات پوری کرنے کیلئے مزید وسائل فراہم کریں گے۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ پاکستان کے پہلے آٹزم سکول پر کام تیزی سے جاری، جلد مکمل ہو جائے گا۔ سپیشل ہیروز کی زندگی میں آسانیاں پیدا کرنا اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان کی بلائنڈ کرکٹ ٹیم ہیروز ہیں انہوں نے ملک و قوم کا نام روشن کیا ہے۔