کراچی(نمائندہ خصوصی)شہر قائد کے مختلف علاقوں میں موسم سرما کی پہلی بارش کے سبب سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا، کراچی کے مختلف علاقوں میں رات گئے کہیں بوندا باندی اور کہیں ہلکی بارش ہوئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج سے شروع ہونے والی سردی کی نئی لہر ایک ہفتے تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ گلشن معمار، بلدیہ ٹاؤن، اورنگی ٹاؤن، نارتھ ناظم آباد سمیت دیگر علاقوں میں رات گئے کہیں ہلکی بارش اور کہیں بوندا باندی جبکہ کراچی کے نواحی علاقے حب چوکی میں بھی ہلکی بارش ہے۔رات گئے گرو مندر، نمائش چورنگی، ایم اے جناح روڈ، گلشن اقبال، شارع فیصل، کارساز روڈ، ڈالیما، شانتی نگر، گلستان جوہر اور اسکیم 33 میں بوندا باندی ہوئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ کی رات سے ہفتہ کی صبح تک کراچی کے مختلف علاقوں میں رم جھم اور ہلکی بارش کا امکان ہے۔کراچی سپرہائی وے پر بارش کی وجہ سے ہونے والی پھسلن کے باعث 6 گاڑیاں آپس میں ٹکراگئیں جس کے نتیجے میں ایک نوجوان جاں بحق جبکہ 24 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔پولیس کے مطابق حیدرآباد سے کراچی آتے ہوئے سپر ہائی وے پر بارش کے باعث ہونے والی پھسلن کی وجہ سے خوفناک حادثہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں 2 بسیں، 2 کاریں، آئل ٹینکر اور کنٹینر آپس میں ٹکراگئے۔ریسکیو ذرائع کا بتانا ہے کہ حادثے کے نتیجے ایک شخص جاں بحق جبکہ 24 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔ریسکیوذرائع کے مطابق تمام زخمیوں کوسول اسپتال ٹراما سینٹر منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ حادثے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کی شناخت کا عمل جاری ہے۔