اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے پاکستان میں موبائل فون آپریٹروں (سی ایم اوز ) کی کارکردگی اور سروس کا جائزہ لینے کے لیے 2024 کی تیسری سہ ماہی کا سندھ، پنجاب، بلوچستان، اور خیبر پختونخوا کے 18 شہروں میں ایک آزادانہ کوالٹی آف سروس سروے (کیو او ایس) کیا۔یہ سروے 63 دنوں میں فی آپریٹر تقریباً 2400 کلومیٹر کے رقبے پر مشتمل تھا، جس میں مین شاہراہیں، سروس روڈز، اور رہائشی علاقے شامل تھے۔ جدید ترین خودکار کیو او ایس مانیٹرنگ ٹولز کے ذریعے 2,90,000 سے زائد موبائل براڈ بینڈ پرفارمنس ٹیسٹس اور 41,700 وائس اور ایس ایم ایس پر کیے گئے۔ ان ٹیسٹس میں نیکسٹ جنریشن موبائل سروسز (این جی ایم ایس) کے لائسنسز اور کیو او ایس ریگولیشنز 2021 کے مطابق کی پرفارمنس انڈیکیرز (کے پی آئیز) کا جائزہ لیا گیا۔نتائج میں موبائل نیٹ ورک کوریج، وائس سروسز، اور براڈ بینڈ اسپیڈ کے لحاظ سے آپریٹروں کی درجہ بندی کی گئی، جہاں ایل ٹی ای کیریئر ایگریگیشن اور وائس اوور ایل ٹی ای جیسی جدید ٹیکنالوجیز کو بہتر پایا گیا ۔ اگرچہ مجموعی طور پر کارکردگی تسلی بخش رہی، کچھ علاقوں میں وائس کے پی آئیز معیار سے کم تھے۔ تاہم پی ٹی اے کی جانب سے آپریٹروں کو اصلاحی اقدامات کی ہدایت دے دی گئی ۔سروے کے مکمل نتائج پی ٹی اے کی ویب سائٹ پر دستیاب ہیں، جس کا مقصد سروسز میں بہتری اور صحت مند مقابلے کی فضا کو فروغ دینا ہے۔