اسلام آباد( نمائندہ خصوصی)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے فتنہ الخوارج کا مکمل صفایا کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کےلئےسب مل کر اس فتنےکا خاتمہ کریں گے،سوشل میڈیا پرپاکستان کے خلاف جو زہر اگلا جا رہا ہے اسے روکنا ہوگا،پاکستان کے خلاف جو سازشیں کی جا رہی ہیں ان میں ملوث عناصر کا پوری طرح علم ہے،جو یہ سمجھتے ہیں کہ ہمارے جوانوں کی قربانیاں رائیگاں جائیں گی وہ بہت بڑی بھول میں ہیں۔ جمعہ کو اپنی زیرصدارت نیشنل ایکشن پلان کی اپیکس کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے اجلاس میں شریک وفاقی وزرا ء،آرمی چیف، چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، چیف سیکریٹریز ، وزیراعظم آزاد کشمیر ، وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان اور اعلیٰ حکام کا خیرمقدم کیا۔ وزیراعظم نے شرکاء کو مبارکباد دی کہ پاکستان نے سلامتی کونسل کے غیرمستقل رکن کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ سلامتی کونسل میں ہماری ذمہ داریاں دو سال کے لئے ہیں،پاکستان اس حیثیت سے انٹرنیشنل ڈپلومیسی میں اپنی پوری استعداد کے ساتھ بھرپور کردار ادا کرے گا۔ وزیراعظم نے سلامتی کونسل کا غیرمستقل ممبر بننے کےلئے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو بھی سراہا۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان عالمی امن کے لئے اپنا سفارتی کردار احسن طریقے سے نبھائے گا۔وزیراعظم نے بتایا کہ صوبوں میں سی ٹی ڈی کومضبوط کیا جا رہا ہے ، پنجاب اس حوالے سے سب سے آگے ہے۔انہوں نے کہا کہ پولیس کوجدید تربیت ، ٹیکنالوجی اور آلات سے لیس کرنا ہوگا، میرٹ پر بھرتیاں کرنا ہوں گی۔ بالخصوص ایسے حالات میں جبکہ دشمن مذموم مقاصد کے لیے گھات لگائے بیٹھا ہے، یہ اقدامات انتہائی اہم ہیں۔خیبرپختونخوا میں خارجی گھس بیٹھیے ملک کے امن کے دشمن ہیں۔سرحد پار سے چند دن پہلے جو حملہ ہوا اس کا منہ توڑ جواب دیا گیا ہے۔ بلوچستان میں پاکستان کے خلاف مختلف قسم کی سازشیں بُنی جا رہی ہیں ، ان میں ملوث خارجی ہاتھ کا پوری طرح سے علم ہے کہ کہاں کہاں سے ان کوسپورٹ مل رہی ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کا خواب تبھی شرمندہ تعبیر ہو سکتا ہے جب ہم سب مل کر چاروں صوبوں، وفاق، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیرمیں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنائیں۔انہوں نے کہا کہ فتنہ الخوارج کا مکمل صفایا کرنے کا وقت ا ٓچکا ہے ، وفاق، صوبوں اور دفاعی اداروں کو مل کر مربوط حکمت عملی اپنانا ہوگی، پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کےلئے بطور وزیراعظم میری کوئی پسند یا ناپسند نہیں ، قومی مفاد سب سے بڑھ کر ہے اور مجھے یقین ہے کہ تمام شرکاء کی یہی سوچ ہے، اگر اس سوچ کو عملی جامہ پہنایا جائے تو کوئی مشکل مشکل نہیں رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل محاذ پر پاکستان سے باہر بیٹھے دوست نما دشمن اور ایجنٹ جو زہر اگل رہے ہیں اورجس طرح وہ پاکستان کے خلاف سوشل میڈیا پر مہم چلا رہے ہیں، یہ بذات خود ایک بہت بڑا چیلنج بن چکا ہے، جھوٹ اور حقائق کومسخ کرکے پاکستان کے خلاف ماحول بنایا جا رہا ہے ۔ وزیراعظم نےکہا کہ اسلام آباد پر گزشتہ دنوں جو یلغار اور چڑھائی کی گئی اس کی آڑ میں جھوٹ کا طوفان اور حقائق کو مسخ کرکے جس طرح کا پروپیگنڈہ کیا گیا اس کی حالیہ وقتوں میں نظیر نہیں ملتی، ا س کو کاؤنٹر نہ کیا گیا تو تمام کاوشیں رائیگاں جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے وفاق اقدامات کر رہا ہے، صوبوں کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ وزیراعظم نے اس امر پر افسوس کا اظہارکیا کہ اسلام آباد پر چڑھائی کے دوران رینجر ز کے شہید جوانوں کے حوالے سے جھوٹی کہانیاں گھڑی گئیں۔وزیراعظم نے کہا کہ مسلح افواج، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے جو لازوال قربانیاں دے رہے ہیں یہ رائیگاں نہیں جائیں گی ، جو انہیں ضائع کرنا چاہتے ہیں وہ بہت بڑی بھول میں ہیں ۔ پاکستان قربانیوں کی بدولت قائم و دائم رہے گا ، ہم مل کراس فتنے کا خاتمہ کریں گے اور پاکستان کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کریں گے