لاہور(نمائندہ خصوصی) وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے وژن کے تحت پہلی بار صوبے میں ترقیاتی نظام کو ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کی مدد سے خود کار بنا دیا گیا۔پنجاب پاکستان کا پہلا صوبہ بن گیا جہاں ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی اور پیش رفت کا جائزہ یومیہ بنیادوں پر جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے کیا جا رہا ہے۔ پاکستان کے عظیم دوست چین کی مدد سے صوبہ پنجاب میں گورنسس سمیت تمام شعبوں میں ٹیکنالوجی کے استعمال کو بڑھایا جائے گا۔سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے سٹینڈنگ کمیٹی پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کے اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب روزانہ پورٹل کے ذریعے تمام ڈیٹا چیک کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے عوامی منصوبوں کے لیے 844 ارب روپے کا پنجاب کی تاریخ کا سب سے بڑا بجٹ دیا ہے۔مریم اورنگزیب نے بریفنگ کے دوران مزید کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف سیاسی تفریق سے بالا تر ہو کر پورے صوبے میں مساوی بنیادوں پر ترقیاتی منصوبوں پر عمل کرا رہی ہیں۔ اس وقت پورے پنجاب میں صحت کے نظام کی تشکیل نو جاری ہے بنیادی مراکز صحت، ڈویژن اور ضلع کی سطح پر ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن جاری ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ماحولیاتی بہتری کے ساتھ صنعتی اور زرعی ترقی کے ماڈل پر پہلی بار عمل ہو رہا ہے اس حوالے سے پہلی بار زرعی مشینری رعایتی قیمت اور اقساط پر دی گئی۔سینئر وزیر نے کہا کہ وزیراعلی مریم نواز شریف پورے صوبے اور تمام عوام کی ترقی کے لیے کام کر رہی ہیں جبکہ ستھرا پنجاب اسکیم کے تحت لاہور کی طرح صفائی کا نظام صوبے کے ہر ضلع میں لیے جا رہے ہیں۔ تعلیم، آئی ٹی، نوجوانوں کی ہنرمندی، بچوں اور ماں کی صحت وزیر اعلی پنجاب کی ترجیحات میں نمایاں ہیں۔ پنجاب کے عوام کو اپنی چھت اپنا گھر سکیم کے تحت اپنے گھروں کا مالک بنایا جا رہا ہے۔سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعلی مریم نواز شریف نے گھر دینے کا وعدہ کیا تھا وہ چند ماہ میں پورا کر دکھایا ہے۔ اس کے علاوہ سموگ کے مسئلے کو حل کرنے میں پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ نے متحرک اور ذمہ دارانہ کردار ادا کیا جبکہ سموگ سے نجات، ماحولیاتی بہتری پاک کے لیے گزشتہ 9 ماہ سے پنجاب کے ہر شعبے میں اقدامات جاری ہیں۔ اسی مناسبت سے زگ زیگ ٹیکنالوجی والے بھٹوں کے آغاز، پلاسٹک بیگز کا خاتمہ، مونجی جلانے پر پابندی، زہریلے دھوئیں کے اخراج میں کمی جیسے اقدامات نے اہم کردار ادا کیا ہے۔چیئرمین شہباز علی کھوکھر نے زیر صدارت اجلاس میں پنجاب اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے منصوبہ بندی اور ترقی کا بھرپور ترقیاتی عمل پر وزیر اعلی پنجاب کو خراج تحسین پیش کیا۔