کراچی(نمائندہ خصوصی)پاکستان نیوی فلیٹ کی سالانہ ایفیشنسی کمپیٹیشن پریڈ پاکستان نیوی ڈاکیارڈ کراچی میں منعقد ہوئی۔ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ یہ تقریب پاک بحریہ کے بحری جہازوں، آبدوزوں اور ہوائی جہازوں کے لیے پیشہ ورانہ طور پر کامیاب اور اہم آپریشنل سال کے اختتام کی نشاندہی کرتی ہے۔ڈاکیارڈ آمد پر کمانڈر پاکستان فلیٹ ریئر ایڈمرل عبدالمنیب نے مہمان خصوصی کا استقبال کیا اور چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔چیف آف دی نیول اسٹاف نے اپنے خطاب میں پاک بحریہ کے فلیٹ کی آپریشنل تیاریوں پر مکمل اطمینان اور اعتماد کا اظہار کیا۔ انہوں نے سال 2024 کے تفویض کردہ آپریشنل مقاصد اور اہداف کو کامیابی کے ساتھ حاصل کرنے پر افسران اور جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت اور لگن کی تعریف کی۔ ایڈمرل نوید اشرف نے میری ٹائم سیکیورٹی اور پاکستان کی سی لائنز آف کمیونیکیشن کے تحفظ کے لیے پاکستان نیوی فلیٹ کی خدمات کو سراہا۔ نیول چیف نے اسٹریٹجک میری ٹائم زون بالخصوص گوادر پورٹ اور CPEC کے میری ٹائم سے متعلقہ منصوبوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے پاک بحریہ کی کوششوں پر روشنی ڈالی۔ مزید برآں، انہوں نے خطے میں ابھرتے ہوئے میری ٹائم سیکیورٹی ماحول کا بھی ذکرکیا جس کے پیش نظر پاک بحریہ کو ہمیشہ اپنی بحری سرحدوں کے دفاع کے لیے تیار رہنا ضروری ہے۔قبل ازیں، اپنے استقبالیہ خطاب میں کمانڈر پاکستان فلیٹ نے گزشتہ سال کے دوران پی این فلیٹ کی آپریشنل کامیابیوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ پاک بحریہ کے فلیٹ نے سال بھر جنگی تیاریوں کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھا جبکہ بحری جہازوں نے ملکی اور غیر ملکی سمندروں میں مختلف دو طرفہ اور کثیرالجہتی مشقوں میں حصہ لیا۔ علاوہ ازیں، متعدد علاقائی میری ٹائم سیکیورٹی پیٹرول اور غیر ملکی تعیناتیاں بھی کی گئیں۔تقریب کے دوران سربراہ پاک بحریہ نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اسکواڈرنز اور یونٹس کو ایفیشنسی ایوارڈز اور ٹرافیاں پیش کیں۔