اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق نے 4 جنوری کو ہندوستان کی جارحیت اور بربریت کا شکار کشمیری بچوں کے دن کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس ضمن میں محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر کی جانب سے سرکلر جاری کر دیا گیا ہے۔ محکمہ جنگلات کو اس سال کی شجرکاری مہم کو بھی ان کشمیری بچوں سے منسوب کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔وزیر اعظم آزاد کشمیر کا کہنا ہے کہ ہندوستان کی قابض افواج کی بربریت سے مقبوضہ جموں وکشمیر میں سینکڑوں بچے شہید ہوئے ، پیلٹ گن سے ان کی بینائی متاثر ہوئی اور ہندوستان فوج کی فائرنگ اور تشدد سے معصوم بچے زخمی اور معذور ہوئے ۔ ہندوستان کی افواج کی بلا اشتعال فائرنگ سے سیز فائر لائن کے علاقوں میں بسنے والے آزاد کشمیر کے معصوم بچے شہید زخمی اور معذورہوئے۔ اس دن کو منانے کا مقصد عالمی برادری کی توجہ ہندوستان کے ظلم بربریت اور جارحیت کی طرف دلانا ہے۔