اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کی ایپکس کمیٹی نے ملک کی بہتر ہوتی میکرو اکنامک صورت حال پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پائیدار اقتصادی ترقی کو یقینی بنانے اور معاشی بہتری کا فائدہ عوام تک پہنچانے کے حوالےسے اجتماعی کوششوں کی اہمیت پر زور دیا ہے۔کمیٹی نے پاکستان کے صنعتی منظر نامے کو نئے سرے سے بحال کرنے کے لیے خصوصی اقتصادی زونز کی اصلاحات کے لیے ایکشن پلان کی منظوری دی۔جمعرات کو وزیراعظم آفس کے پریس ونگ سے جاری کردہ بیان کے مطابق خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی ایپکس کمیٹی کا گیارہواں اجلاس وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت منعقد ہوا۔اجلاس میں ایس آئی ایف سی کے تحت اٹھائے گئے مختلف اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں آرمی چیف، وفاقی کابینہ، صوبائی وزرائے اعلیٰ، وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر ، وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان اور اعلیٰ سطح کے سرکاری حکام نے شرکت کی۔سیکرٹری ایپکس کمیٹی نے اجلاس کو قومی اقتصادی پلان کے منصوبے "اڑان پاکستان” (2024-2029) کے حوالے سے ایس آئی ایف سی کے سٹریٹجک فوکس، اقدامات اور شراکت کے بارے آگاہ کیا۔کمیٹی نے ملک کی بہتر ہوتی میکرو اکنامک صورت حال پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پائیدار اقتصادی ترقی کو یقینی بنانے اور معاشی بہتری کا فائدہ عوام تک پہنچانے کے حوالےسے اجتماعی کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔کمیٹی نے پاکستان کے صنعتی منظرنامے کو نئے سرے سے بحال کرنے کے لیے خصوصی اقتصادی زونز کی اصلاحات کے لیے ایکشن پلان کی منظوری دی۔کمیٹی نے نیشنل منرلز ہارمونائزیشن فریم ورک جو کہ تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے تیار کیا گیا ہے، کی تجویز کا بھی جائزہ لیا۔فورم کو انسانی وسائل کی ترقی کے شعبے میں مختلف اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی گئی جن کی بدولت افرادی قوت کی مہارتوں کو عالمی معیار کے مطابق بنایا جا سکے گا۔وزرائے اعلیٰ نے اپنے اپنے صوبوں میں جاری اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دی جن سے معاشی ترقی کو فروغ ملے گا۔ چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیرنے معاشی استحکام کے لیے حکومت کے اقدامات جن سے امن و امان اور سکیورٹی بہتر بنانے میں مدد ملے گی، کے لیے پاک فوج کی حمایت کے پختہ عزم کا یقین دلایا۔آخر میں وزیر اعظم نے 2025ء کے دوران مستقبل کی سرگرمیوں کے لیے حکمت عملی ترتیب دینے میں ایس آئی ایف سی، وزارتوں، محکموں اور منسلک سٹیک ہولڈرز کے کردار کو سراہا۔انہوں نے ملک کے وسیع تر مفاد میں تمام سطحوں پر اجتماعی کوششوں کی اہمیت پر بھی زور دیا۔