اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے آذربائیجان کے سفارت خانے کا دورہ کیا اورآذربائیجان کے مسافر طیارے کے حادثے میں ہونے والے جانی نقصان پر اظہار تعزیت کی۔آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف نے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا خیر مقدم کیا۔ سپیکر قومی اسمبلی نے طیارہ حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔سپیکر سردار ایاز صادق کا آذربائیجان کے طیارہ حادثے میں جاں بحق افراد کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ دکھ اور غم کی اس مشکل گھڑی میں پاکستان کی پارلیمان اور عوام آذربائیجان کے پارلیمان اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں، آذربائیجان اور پاکستان کے عوام ایک دوسرے کے ساتھ محبت، اخوت اور بھائی چارے کے رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں،پاکستان اور آذربائیجان ایک دوسرے کے دکھ سکھ کے ساتھی ہیں۔سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان کی عوام آذربائیجان کے عوام کے دکھ اور غم کو اپنا غم سمجھتی ہے، آذربائیجان کے طیارہ حادثے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر پاکستانی قوم افسردہ ہے، طیارہ حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحتیابی کیلئے دعا گو ہوں۔سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ حادثے میں جاں بحق افراد کے درجات کی بلندی اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔سپیکر قومی اسمبلی نے سفارتخانے میں رکھی گئی تعزیتی کتاب میں اپنے تعزیتی تاثرات قلم بند کیے۔