اسلام آباد( نمائندہ خصوصی)خلیج عرب میں تعیناتی کے دوران؛ پاک بحریہ کے جہاز رسدگار، عظمت اور پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے جہاز دشت نے ایران کی بندرگاہ بندر عباس کا دورہ کیا۔ پی این فلوٹیلا کی قیادت پاک بحریہ کے 14ویں ڈسٹرائر سکواڈرن کے کمانڈر کموڈور محمد عمیر کر رہے تھے۔میزبان ملک کی بندرگاہ پر آمد کے موقع پر پاکستانی سفارتخانےکے نمائندوں اور ایران بحریہ کے حکام نے پاک بحریہ کے جہازوں کا پرتپاک استقبال کیا۔ مشن کمانڈر نے جہازوں کے کمانڈنگ آفیسرز کے ہمراہ ایرانی بحریہ کی بحری قیادت سے ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور میری ٹائم سیکیورٹی میں تعاون، بحری افواج کے مابین رابطے اور میری ٹائم سیکیورٹی میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مشن کمانڈر نے چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف کی طرف سے میزبان ملک کے عوام اور بالخصوص بحری افواج کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔بندرگاہ کے دورے کی تکمیل پر پاک بحریہ اور پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی کے جہازوں نے ایرانی بحریہ کے جہاز کے ساتھ مشق کی۔ اس مشق کا مقصد بحری افواج کے درمیان باہمی تعاون کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ مربوط مشقوں کے ذریعے بحری افواج کے مابین مشترکہ آپریشنز کی صلاحیت کو فروغ دینا تھا۔پاک بحریہ کے اس دورہ ایران سے موجودہ سفارتی اور دفاعی تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔