اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):پاکستان اور بھارت نے بدھ کو سفارتی ذرائع سے ایک دوسرے کی تحویل میں قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ کیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق فہرستوں کا بیک وقت تبادلہ 2008 کے قونصلر رسائی کے معاہدے کے تحت ہوا۔ معاہدے کے تحت دونوں ممالک کو ہر سال یکم جنوری اور یکم جولائی کو ایک دوسرے کی تحویل میں قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ کرنا ہوتا ہے۔ بیان کے مطابق حکومت پاکستان نے پاکستان میں قید 266 بھارتی قیدیوں (49 سویلین قیدیوں اور 217 ماہی گیروں) کی فہرست اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کے نمائندے کے حوالے کی۔اس کے ساتھ ہی بھارتی حکومت نے بھارتی جیلوں میں پاکستانی قیدیوں کی فہرست پاکستانی ہائی کمیشن نئی دہلی کے ا افسر سے شیئر کی۔ فہرست کے مطابق بھارت کی جیلوں میں مجموعی طور پر 462 پاکستانی ہیں جن میں (381 شہری قیدی اور 81 ماہی گیر) شامل ہیں۔ بیان میں مزید کہا گیاہے کہ پاکستان نے الگ سے بھارتی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ ان تمام پاکستانیوں (52 شہری قیدیوں اور 56 ماہی گیروں) کو رہا کرے اور وطن واپس بھیجے جنہوں نے اپنی سزا پوری کرلی ہے اور جن کی قومی حیثیت کی تصدیق ہوچکی ہے۔ترجمان نے اپنے بیان میں کہا بھارتی حکومت پر بھی زور دیا گیا ہے کہ وہ ان تمام پاکستانیوں کی حفاظت، سلامتی اور بہبود کو یقینی بنائے جو رہائی اور وطن واپسی کے منتظر ہیں۔ پاکستان نے مزید برآں 1965 اور 1971 کی جنگوں کے 38 لاپتہ دفاعی اہلکاروں کو قونصلر رسائی دینے کی درخواست کی ہے۔