اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):پاکستان اور بھارت نے بدھ کو اپنی اپنی جوہری تنصیبات کی فہرستوں کا تبادلہ کیا۔ دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ تبادلہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جوہری تنصیبات پر حملوں کی ممانعت کے معاہدے کے تحت ہوا۔31 دسمبر 1988 کو ہونے والے معاہدے کے مطابق دونوں ممالک ہر کیلنڈر سال کی یکم جنوری کو اپنی جوہری تنصیبات کے بارے میں ایک دوسرے کو مطلع کریں گےبیان میں کہا گیا ہے کہ اسی مناسبت سے پاکستان میں جوہری تنصیبات کی فہرست باضابطہ طور پر وزارت خارجہ میں اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کے نمائندے کے حوالے کی گئی۔اس کے ساتھ ہی بھارتی وزارت خارجہ نے بھارت کی جوہری تنصیبات کی فہرست نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کے نمائندے کے حوالے کردی۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان 27 جنوری 1991 کو جوہری تنصیبات پر حملوں کی ممانعت کے معاہدے پر عمل درآمد کے بعد دونوں ممالک یکم جنوری 1992 سے فہرستوں کا تبادلہ کررہے ہیں۔