اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):وفاقی محتسب (فوسپا) فوزیہ وقار نے کام کی جگہ پر ہراسگی کے خلاف سخت اقدام کرتے ہوئے نیشنل انشورنس کمپنی لمیٹڈ (این آئی سی ایل)کے ملازم زبیر سومرو کو تحفظ برائے خواتین ہراسگی ایکٹ 2010 کی شق 4(4)(ii)(d) کے تحت ملازمت سے برطرف کرنے کا حکم دے دیا ۔منگل کووفاقی محتسب سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق یہ شکایت این آئی سی ایل کی ملازمہ سعدیہ زمان نے درج کرائی تھی جس میں انہوں نے الزام لگایا تھا کہ ملزم نے انہیں ہراساں کیا، فون پر بدتمیزی اور گالم گلوچ کی ۔وفاقی محتسب نے مکمل انکوائری کے بعد قانون کے تحت سزا سناتے ہوئے ملزم کو ملازمت سے برطرف کرنے کا حکم دیا جس پر عمل کرتے ہوئے این آئی سی ایل نے زبیر سومرو کو ملازمت سے برطرف کر دیا ہے۔واضح رہے کہ تحفظ برائے انسداد ہراسیت ایکٹ 2010 متاثرہ افراد کو ہراسگی کے واقعات کی رپورٹ کرنے اور فوری اور منصفانہ انصاف کو یقینی بنانے کے لیے بااختیار بناتا ہے۔