اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ڈیرہ اسماعیل خان میں درابن کلام چیک پوسٹ پر دہشتگرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا پولیس کے بہادر جوانوں نے جان دے کر دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملایا، کے پی کے پولیس دہشتگردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن پر ہے۔اپنے بیان میں وزیرداخلہ نے حملے میں جام شہادت نوش کرنے والے 2 پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت کرتے ہوئے شہدا کے لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا ۔ انہوں نے زخمی پولیس اہلکار کی جلد صحتیابی کےلئے دعا بھی کی ۔محسن نقوی نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس کے بہادر جوانوں نے جان دے کر دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملایا،کے پی کے پولیس کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہدا قوم کا فخر ہیں اور ان کی عظیم قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔