راولپنڈی ۔(نمائندہ خصوصی):آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی زیر قیادت پاک فوج کی سال 2024میں پاکستان کے لئے بے مثال خدمات رہیں۔خوارج اور دہشت گردوں کے لئے ریاست پاکستان کی واضح پالیسی کی بدولت آپریشنز میں اہم کامیابیاں حاصل ہوئیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سال2024 کے دوران مجموعی طور پر سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف 59,775 مختلف نوعیت کے کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کئے۔کامیاب آپریشنز کے دوران 925 دہشت گردوں بشمول خوارج کو واصل جہنم کیا گیا جبکہ سینکڑوں گرفتار کئے گئے۔دہشت گردی کے اس ناسور سے نمٹنے کے لئے اوسطاً یومیہ 169 سے زائد آپریشنز افواج پاکستان، انٹیلی جنس، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے انجام دے رہے ہیں۔ سال 2024 کے دوران ان آپریشنز میں73 انتہائی مطلوب دہشت گردوں کی ہلاکتیں ہوئیں۔جہنم واصل ہونے والے دہشت گردوں میں فداء الرحمن عرف لعل ژوب ڈویژن ، علی رحمان عرف طحٰہ سواتی اور ابو یحییٰ بھی شامل ہیں۔ ریاستی اداروں کی بہترین حکمت عملی کے باعث 14 مطلوب دہشت گردوں نے ہتھیار ڈال کر خود کو قومی دھارے میں شامل کیا۔سکیورٹی فورسز کی کامیاب حکمت عملی کے باعث 2 خودکش بمباروں کو گرفتار کر کے ملک کو بڑی تباہی سے بچایا گیا۔آرمی چیف دہشت گردوں ، خوارج اور ان کے سہولت کاروں کے بارے میں واضح اور دو ٹوک موقف رکھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو افغانستان کی سر زمین سے آزادانہ دہشت گرد کارروائیوں پر تحفظات ہیں،ایک پاکستانی کی جان اور حفاظت ہمارے لیے افغانستان پر مقدم ہے۔رواں سال غیر ملکی جریدے نے بھی آرمی چیف کو دہشت گردوں اور انتہا پسندوں کے خلاف توانا آواز بننے پر خراج تحسین پیش کیا ۔غیر قانونی سر گرمیوں کے خلاف بھی رواں سال بھرپور کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔ریاست پاکستان کا واضح موقف ہے کہ غیر قانونی سر گرمیوں میں ملوث مافیادہشت گردو ں کا سہولت کار ہے ۔واضح ریاستی پالیسی کے پیش نظر سال 2024 میں سمگلنگ ، بجلی چوری، بھتہ خوری، ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بھرپور کارروائی کی گئی۔اس سال غیر قانونی سر گرمیوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں کے نتیجے میں واضح کمی واقع ہوئی ۔آرمی چیف کی کامیاب ملٹری ڈپلومیسی کی بدولت پاکستان نے اہم سنگ میل عبور کئے۔کامیاب ملٹری ڈپلومیسی کی بدولت اہم ممالک کے ساتھ تعلقات میں بہتری اور غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوا۔