اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی(اوگرا) نے یکم جنوری 2025 سے ایل پی جی گیس کے 11.8 کلو گرام سلنڈر کی قیمت میں 47.43 روپے کمی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے ۔ترجمان اوگرا کے مطابق منگل کو جاری نوٹیفکیشن کے تحت یکم جنوری 2025سے 11.8کلو گرام سلنڈر کی قیمت 2953.36 روپے ہو گی جبکہ دسمبر 2024 میں اس کی قیمت 3000.79روپے تھی اس طرح دسمبر کے مقابلہ میں جنوری کے لیے ایل پی جی گیس کے گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 47.43 روپے کمی کی گئی ہے ۔ترجمان نے کہا ہے کہ ایل پی جی کی پروڈیوسر پرائس سعودی آرامکو اور ڈالر کی شرح تبادلہ کے تناظر میں مقرر کی گئی ہے ۔ گزشتہ ماہ کے مقابلہ میں آرامکو کی قیمت میں 2 فیصد کمی ہوئی ہےجبکہ ڈالر کی شرح تبادلہ میں 0.12 فیصد معمولی اضافہ ہوا ہے جس کے باعث ایل پی جی کے 11.8کلو سلنڈر کی قیمت میں 47.43 روپے یعنی 1.58 فیصد کمی ہوئی ہے۔ اس طرح ایل پی جی کی فی کلو صارف قیمت میں 4.01 روپے کمی ہوئی ہے ۔ایل پی جی کی قیمت کا نوٹیفکیشن اوگرا کی ویب سائٹwww.ogra.org.pk پر دستیاب ہے ۔ واضح رہے کہ ایل پی جی کے گھریلو سلنڈر کی نئی قیمتوں کا نفاذ یکم جنوری 2025 سے ہو گا۔