اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):وفاقی وزیر پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے ساتھ معاملات مثبت انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں اور توقع ہے کہ ریکوڈک پر سعودیہ کے ساتھ معاملات کو جلد ہی حتمی شکل دے دی جائے گی۔منگل کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے ان خبروں کو مسترد کیا جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ وفاقی کابینہ نے ریکوڈک منصوبے میں 15 فیصد حصص کی فروخت کی منظوری دے دی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ رپورٹس بے بنیاد اور غلط ہیں۔انہوں نے وضاحت کی کہ بروقت اور موثر مذاکرات کو یقینی بنانے کے لئے قیمتوں پر بات چیت کرنے والی کمیٹی اس عمل کی نگرانی کر رہی ہے۔ اگرچہ پیش رفت ہوئی ہے لیکن ابھی تک کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔