اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ 2024 کا سال پاکستان کے لیے شاندار کامیابیوں کا سال رہا، معیشت کو خود انحصاری کی پٹڑی پر ڈالتے ہوئے 2025 کے آغاز پر مستحکم، روشن اور خوشحال مستقبل کیلئے پرعزم ہیں۔نئے عیسوی سال 2025 کے آغاز پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے پوری قوم کو مبارکباد اور نیک تمنائوں کا اظہار کرتے ہوئے د عا کی کہ 2025 کا سورج ہمارے ملک پاکستان کیلئے ترقی اور خوشحالی کی نوید لے کر طلوع ہو، نئے سال میں ہم گزشتہ سال کی اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگیوں کی غلطیوں کو سدھار کر ایک نئی شروعات کریں اور ایک نئے روشن مستقبل کا آغاز کریں۔وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ میں دعا گو ہوں کہ 2024 میں دنیا کو جن معاشی، سیاسی اور امن و امان کے بحرانوں کا سامنا رہا، نئے سال میں ان پر قابو پانے کیلئے مثبت پیش رفت ہو۔ انہوں نے کہا کہ نیا سال پاکستان سمیت پوری دنیا سے بھوک، افلاس، جنگ، دہشتگردی، جرائم، فرقہ واریت اور طبقاتی تقسیم کے خاتمے کا سال ثابت ہو۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ 2024 کا سال ہمارے پیارے پاکستان کے لیے شاندار کامیابیوں کا سال تھا، 2024 کے دوران ہمارے معاشی اشاریے بہتر ہوئے، بین الاقوامی مالیاتی اداروں نے پاکستان پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ سال 2024 میں دوست اور برادر ممالک سے اربوں روپوں کی سرمایہ کاری کے معاہدے ہوئے اور معیشت کی ڈیجیٹائزیشن پر کام کا آغاز کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے باضابطہ طور پر قومی اقتصادی ٹرانفارمیشن پلان "اڑان پاکستان” کا اجراء کر دیا ہے۔ اڑان پاکستان دراصل معیشت کو ایک نئی جہت دینے، جامع ترقی کو فروغ دینے اور پائیدار ترقی کے حصول کے لیے میری حکومت کا عزم ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ اب جبکہ ہم 2025 میں داخل ہو رہے ہیں اور معیشت کو خود انحصاری کی پٹڑی پر ڈال چکے ہیں تو آج کے دن ہم ایک مستحکم، روشن اور خوشحال مستقبل کا عزم کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 2024 کا سال فلسطین میں اسرائیلی مظالم کے حوالے سے بد ترین سال رہا جس میں اسرائیلی قابض افواج نے ظلم کی وہ داستانیں رقم کیں جن کی مثال حالیہ تاریخ میں نہیں ملتی۔ اسی طرح بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر میں ہمارے مظلوم بھائی اور بہنیں بھارتی قابض افواج کی بربریت کا شکار رہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ 2025 میں فلسطین اور بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر اپنی آزادی کی جدوجہد میں کامیاب ہوں۔ وزیر اعظم نے مزید کہا کہ 2024 میں ہماری بہادر سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف کامیابیاں حاصل کیں، دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں ہمارے سیکورٹی فورسز کے بہادر جوانوں نے جام شہادت نوش کیا، جن کی قربانیاں قوم تاحیات یاد رکھے گی۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنے پیغام کے آخر میں کہا کہ آئیں ! نئے سال کے آغاز میں ہم یہ وعدہ کریں کہ اس ملک کو قائد اعظم اور علامہ اقبال کا پاکستان بنانے کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، اس ملک کی حفاظت اور تعمیر و ترقی میں اپنا خون پسینہ ایک کریں گے۔ انہوں نے دعا کی کہ 2025 ہماری قوم کے لیے خوش قسمتی اور بے پناہ خوشیوں کا سال ہو۔ پاکستان زندہ باد!