اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):ویمنز پارلیمانی کاکس کی جانب سےڈاکٹر شاہدہ رحمانی نے پاکستان کے عوام اور عالمی برادری کو نئے سال کی دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے دعا کی ہے کہ 2025 ہم سب کے لیے خوشحالی، امن اور ترقی کا سال ثابت ہو۔اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ نئے سال کے آغاز کے ساتھ ہم خواتین اور بچیوں کے حقوق اور فلاح و بہبود کو فروغ دینے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں، گزشتہ سال میں ہم نے صنفی مساوات کے فروغ کے لیے اہم پیش رفت کی اور ہم اس مشن کو جاری رکھنے کا عزم رکھتے ہیں تاکہ ایک زیادہ شمولیتی اور مساوی معاشرہ تشکیل دیا جا سکے۔ویمنز پارلیمانی کاکس قانون سازی میں اصلاحات، تشدد اور امتیاز کے مسائل کے خاتمے اور خواتین کو ان کی مکمل صلاحیتیں حاصل کرنے کے لیے بااختیار بنانے کے مشن پر قائم ہے، آئیے ہم امید، عزم اور یکجہتی کے ساتھ آگے بڑھیں۔