اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)۔وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان اورچین کے درمیان سٹرٹیجک اور اقتصادی تعلقات قائم ہیں،دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات میں آئندہ برسوں میں مشترکہ فائدے کے بے شمار مواقع موجود ہیں جن سے استفادے کی ضرورت ہے،امریکا بھی پاکستان کا اہم تجارتی شراکت دار ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں چین میں پاکستان کے سفیرخلیل ہاشمی،پاکستان میں امریکا کے سفیر ڈونلڈ لو اورسٹیٹ بینک کے گورنر جمیل احمد سے ملاقاتوں کے دوران کیا،اس موقعے پر وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور خارجہ سید طارق فاطمی بھی موجود تھے۔چین میں پاکستان کے سفیر سے ملاقات کے دوران وزیر خزانہ نے پاکستان کی اقتصادی صورتحال میں اہم پیشرفت خصوصاً کاروباری برادری اور سرمایہ کاروں کے بڑھتے اعتماد پر تفصیل سے روشنی ڈالی ۔ انہوں نے اقتصادی سفارتکاری اور تعاون کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی بڑھتی ہوئی معیشت میں اقتصادی شراکت داریوں کی مزید ضرورت ہے۔سفیر نے وزیر خزانہ کو پاکستان اور چین کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے حوالے سے اپنی جاری کوششوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کو بڑھانے کے لیے ہونے والی اعلیٰ سطح کی ملاقاتوں،وفود کے تبادلوں اور معاہدوں کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا۔ملاقات کے اختتام پر دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور چین کے درمیان سٹرٹیجک اور اقتصادی تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے عزم کا اظہار کیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات میں آئندہ برسوں میں مشترکہ فائدے کے بے شمار مواقع موجود ہیں جن سے استفادے کی ضرورت ہے۔وزیرخزانہ سے پاکستان میں امریکا کے سفیرڈونلڈ بلوم نے الوداعی ملاقات کی جس دوران فریقین نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا،ان میں اقتصادی تعاون اور دوطرفہ تعلقات پر خصوصی توجہ دی گئی۔وزیر خزانہ نے امریکی سفیر کو پاکستان کی اقتصادی صورتحال سے آگاہ کیا اور حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے پر روشنی ڈالی جس کا مقصد معیشت میں استحکام لانا اور برآمدات پر مبنی نموکے ذریعے معاشی اُتار چڑھاؤ کو ختم کرنا ہے۔ انہوں نے اُن شعبوں کی نشاندہی کی جہاں اصلاحات کی جارہی ہیں تاکہ پائیدار اقتصادی ترقی کو فروغ دیا جا سکے۔وزیر خزانہ نے امریکا کا شکریہ ادا کیا جس نے پاکستان کی طرف سے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ ( آئی ایم ایف)کے ساتھ ایس بی اے معاہدے اور اس کے بعد توسیع فنڈ سہولت معاہدے کو حتمی شکل دینے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نےکہا کہ امریکا پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار اور پاکستانی مصنوعات اور خدمات کے لیے اہم منڈی ہے۔وزیر خزانہ نے خاص طور پر آئی ٹی برآمدات کے بڑھتے ہوئے شعبے کا ذکر کیا اور اس بات پر زور دیا کہ امریکا کے ساتھ ڈیجیٹل برآمدات کی مزید وسعت کے لیے اہم امکانات موجود ہیں۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان آئی ٹی اور ڈیجیٹل خدمات کے شعبوں میں تجارت بڑھانے کے روشن امکانات کو اجاگر کیا جس سے دونوں ملکوں کو قریب تر اقتصادی تعلقات سے فائدہ پہنچ سکتا ہے۔سبکدوش ہونے والے امریکی سفیر نے امریکا اور پاکستان کے درمیان مضبوط اور دیرپا تعلقات کی تعریف کی اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ ان کا ملک پاکستان کی اقتصادی اصلاحات اور ترقی کےلئے اپنی حمایت جاری رکھے گا۔ملاقات کا اختتام خوشگوار انداز میں ہوا، فریقین نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے خاص طور پر تجارت اور اقتصادی تعاون کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔گورنر سٹیٹ بنک کے ساتھ ملاقات میں گورنر نے پاکستان کے مالیاتی ڈھانچے کو مستحکم کرنے کے لیے جاری اور منصوبہ بند اقدامات کا تفصیلی جائزہ پیش کیا۔ انہوں نے زر مبادلہ کی شرح کو مستحکم کرنے اور غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر کو بڑھانے کے لیے کی جانے والی کوششوں کو اجاگر کیا۔بینکنگ کے شعبے کی مجموعی کارکردگی اور اس کے ملکی معیشت میں اہم کردار پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جس میں فریقین نے اس شعبے کے اقتصادی ترقی میں معاونت کرنے والے اہم کردار کو تسلیم کیا۔ملاقات میں سمندر پار پاکستانیوں کی ترسیلات زر کے بہاؤ کو مزید بڑھانے کے اقدامات پر بھی بات چیت کی گئی اور دونوں طرف سے اس اہم ذریعہ زر مبادلہ کو مزید مستحکم کرنے کے لیے تعاون کے عزم کا اظہار کیا گیا۔وزیر خزانہ اور گورنر سٹیٹ بینک نے اس بات پر زور دیا کہ وزارت خزانہ اور سٹیٹ بینک کے درمیان مسلسل تعاون کی اہمیت ہے تاکہ اقتصادی استحکام اور پائیدار ترقی حاصل کی جا سکے۔ملاقات کا اختتام اس عزم کے ساتھ ہوا کہ دونوں ادارے ایک دوسرے کے ساتھ مل کر پاکستان کی اقتصادی استحکام اور ترقی کے لیے کام کرتے رہیں گے۔