اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی کے وزیر پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ اڑان پاکستان ایک انقلابی ا قدام ہے ،اس سے تعلیم، صحت، روزگار اور کاروبار کے مواقع میں اضافہ ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو موجودہ حکومت کے پانچ سالہ قومی اقتصادی منصوبے (2024-29) ‘اڑان پاکستان’ کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔احسن اقبال نے اڑان پاکستان کو پائیدار اقتصادی ترقی کے حصول کی جانب ایک ‘انقلابی’ قدم قرار دیتے ہوئے کہاکہ یہ قدم ہے جو سیاسی افراتفری یا کسی بھی سیاسی لانگ مارچ سے گریز کرتے ہوئے زیادہ سے زیادہ قومی اتحاد قائم کر کے کامیاب ہو سکتا ہے۔ اس کے بجائے، معاشی لانگ مارچ کی ضرورت ہے تاکہ ہم دنیا کے ساتھ موثر انداز میں مقابلہ کر سکیں ۔انہوں نےکہا کہ حکومت نےموجود ہ معاشی چیلنجوں سے مؤثر طریقے سے نمٹنے کے لیے فوری اقدامات کیے تھے، لیکن ملک کو خوشحال اور معاشی طور پر مضبوط بنانے کے لیے مسلسل بنیادوں پر طویل المدتی منصوبہ بندی کی ضرورت تھی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ نواز (پی ایم ایل این) کی حکومت نے اپنے گزشتہ ادوار میں وژن 2010 اور وژن 2025 کا آغاز کیا تھا لیکن سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے ان پر مکمل عملدرآمد نہیں ہو سکالیکن اب حکومت نے ایک بار پھر پانچ سالہ منصوبہ تیار کیا ہے جو پائیدار اقتصادی ترقی کی بنیاد ثابت ہو گا۔انہوں نے مزید کہا کہ قومی اقتصادی منصوبے کے ثمرات عام آدمی تک پہنچائے جائیں گے اور بہتر تعلیم، صحت، روزگار اور کاروبار کے مواقع میں اضافہ ہو گا۔