اسلام آباد( نمائندہ خصوصی)پاک بحریہ کی کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں اختتام پذیر ہوئی۔ کانفرنس کی صدارت چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے کی۔ فورم میں بحیرہ ہند کی سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور خطے سے گزرنے والی قومی سمندری تجارت کے تحفظ اور سلامتی کے اقدامات پر غور کیا گیا۔کانفرنس کے دوران؛ نئے سال کے آغاز میں پاک بحریہ کی کثیر الجہتی مشق امن اور پہلے امن ڈائیلاگ کی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ فورم میں جیو اسٹریٹجک ماحول، قومی سلامتی، پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں، تربیت اور اہلکاروں کی فلاح و بہبود سے متعلق امور کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا ۔ چیف آف دی نیول اسٹاف کو پاک بحریہ کے جاری اور مستقبل کے اہم ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں بھی جامع بریفنگ دی گئی۔نیول چیف نے میری ٹائم سیکیورٹی کو مضبوط بنانے اور جنگی تیاریوں کو برقرار رکھنے پر زور دیا تاکہ پاکستان کے خلاف کسی بھی جارحیت کا مؤثر طریقے سے جواب دیا جا سکے۔ انھوں نے جدید ٹیکنالوجی کے حصول کے ذریعے صلاحیتوں میں اضافے کے لیے کیے گئے اقدامات کو سراہا ۔نیول چیف نے ملکی بحری سرحدوں کی حفاظت میں درپیش میری ٹائم چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پاک بحریہ کی اعلی آپریشنل تیاریوں پر بھی مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور اہلکاروں کے حوصلے اور جذبے کی تعریف کی۔کمانڈ اینڈ سٹاف کانفرنس پاک بحریہ کا اعلیٰ فیصلہ ساز فورم ہے جس میں چیف آف دی نیول سٹاف کی سربراہی میں پرنسپل سٹاف آفیسرز اور فیلڈ کمانڈرز پاک بحریہ کی پالیسیوں اور منصوبوں کا جائزہ لیتے ہیں۔