لاہور( نمائندہ خصوصی) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے نئے سال کی تقریبات پر عوام کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے سکیورٹی کے سخت انتظامات کرنے کا حکم دیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے عوامی مقامات، پارکس، شاپنگ مالز اور دیگر مقامات پر سکیورٹی کو فول پروف بنانے کی ہدایت کی۔وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ پولیس اور انتظامیہ عوام کے تعاون سے ہر قسم کے غیر قانونی اقدامات کی روک تھام کرے۔ کسی بھی مشکوک سرگرمی پر فوری کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوام نئے سال کی خوشیوں کو ذمہ داری سے منائیں۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے تلقین کی کہ عوام ہوائی فائرنگ اور دیگر خطرناک سرگرمیوں سے گریز کریں۔ قانون کی خلاف ورزی کرنے اور قیمتی انسانی جانوں کو خطرے میں ڈالنے والوں کیخلاف کارروائی کی جائے گی۔ ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کریں۔شراب نوشی و خرید و فروخت کے ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ نئے سال کا آغاز ایک محفوظ اور پرامن ماحول میں کرنا چاہیے۔ پنجاب کی ترقی اور خوشحالی کے سفر کو مزید مستحکم کیا جائے گا۔